ممبئی 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم ‘ زخمی کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی عدم موجودگی میں نوجوان بلے باز ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ایشیا کپ ٹورنمنٹ کیلئے روانہ ہوگئی ہے جو بنگلہ دیش میں 25 فبروری سے شروع ہو رہا ہے ۔ دھونی کے بائیں پٹھوں میں تکلیف کی وجہ سے وہ اس ٹورنمنٹ کیلئے ان فٹ قرار دئے گئے ہیں ۔ وہ جاریہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ کے دوران زخمی ہوگئے تھے ۔ کوہلی کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم اس بار ایشیا کپ میں کامیابی کیلئے جدوجہد کریگی ۔ ہندوستان نے 2010 میں یہ خطاب جیتا تھا ۔ ہندوستان کا افتتاحی مقابلہ 26 فبروری کو بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والا ہے ۔ ہندوستان کے آئندہ مقابلوں میں 28 فبروری کو سری لنکا کے خلاف 2 مارچ کو دفاعی چمپئن پاکستان کے خلاف اور 5 مارچ کو افغانستان کے خلاف میچس ہونے والے ہیں۔ ٹورنمنٹ کا فائنل 8 مارچ کو ڈھاکہ میں ہوگا ۔ ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے ۔
ویراٹ کوہلی ( کپتان ) ‘ شکھر دھون ‘ روہت شرما ‘ چیتیشور پجارا ‘ امباٹی رائیڈو‘ اجنکیا رہانے ‘ دنیش کارتک ‘ رویندر جڈیجہ ‘ آر اشون ‘ بھونیشور کمار ‘ محمد سمیع ‘ ورون آرون ‘ اسٹیورٹ بنی ‘ امیت مشرا اور ایشور پانڈے ۔
فائر فاکس بائیکس کی جانب سے تیسری پہاڑی بائکنگ ریس کا انعقاد
گڑگاؤں 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) فائر فاکس بائیکس کی جانب سے تیسری پہاڑی بائکنگ ریس کا یہاں اہتمام کیا گیا تھا جس میں زائد از 150 اڈوینچر بائیکرس نے حصہ لیا ۔ بائکنگ صلاحیتوں کا پتہ چلانے کیلئے اس ریس کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ یہ مقالبے دو زمروں میں منعقد کئے گئے ۔ مردوں کیلئے 35.5 کیلومیٹر اور خواتین کیلئے 29 کیلو میٹر کی ریس کا اہتمام کیا گیا ۔ ماہرین کے زمرہ میں باریٹ پال میٹ نے سب سے پہلے یہ فاصلہ طئے کیا جبکہ کے کرن کمار راجو ( بنگلور ) دوسرے نمبر پر اور ڈگلس اسمتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ خواتین کے زمرہ میں مونیکا نے سب سے پہلے یہ فاصلہ طئے کیا جبکہ انیتا گروسر دوسری نمبر پر رہیں۔ مینس زمرہ میں اول نمبر کو 50 ہزار اور خواتین کے زمرہ میں اول نمبر کو 30 ہزار روپئے انعام دیا گیا ۔