نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے کرکٹ آسٹریلیا سے اپنے کھلاڑیوں کے کھانوں میں بیف شامل نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے نئے مینیو کی فرمائش کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو21 نومبر کو آسٹریلیا کے دورے کا آغاز کرنا ہے۔سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی ، تین ونڈے اور چار ٹسٹ میچز شامل ہیں۔ دو ہفتے قبل بورڈ کی ایک معائنہ ٹیم نے آسٹریلیا کا دورہ کیا تاکہ ہوٹل، پریکٹس میدانوں اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جا سکے۔ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا سے درخواست کی ہے کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے کھانوں میں دال اور ترکاری کو زیادہ شامل کیا جائے اور بیف کو نکالا جائے۔ منجمنٹ کی خواہش ہے کہ کھلاڑی کھیل کے ساتھ ساتھ کھانے پر توجہ دیں اور انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں انگلینڈ کے دورے کے دوران ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے تیارکردہ کھانوں میں بیف کے شامل ہونے پر سوشل میڈیا میں بھی بہت ہنگامہ برپا ہوا تھا۔