نیپر 13 ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف مجوزہ 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں شرکت کے لئے ہندوستانی ٹیم کی آج یہاں آمد ہوئی ہے جیسا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ 19 جنوری کو کھیلا جائیگا۔ درین اثناء ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویراٹ کوہلی نے یہاں پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ خوشگوار موسم اور بہترین مناظر کے ساتھ نیپر نے ہمارا استقبال کیا ہے اور میدان میں رسائی کے لئے ہم بے تاب ہیں ۔ ممبئی سے آکلینڈ پہنچنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے دوسرے طیارے کے ذریعہ نیپیر کا سفر کیا ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مجوزہ 5 مقابلوں کی سیریز کا پہلا میچ یہاں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا جس کے بعد 31 ؍ جنوری کو ویلنگٹن میں سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ ہوگا ۔ ونڈے سیریز کے اختتام کے بعد 2 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا آغاز ہوگا جس کا پہلا مقابلہ آکلینڈ میں 6 تا10 فبروری کھیلا جائیگا اور ویلنگٹن میں دوسرا اور آخری مقابلہ 16 تا 18 فبروری منعقد ہوگا ۔ علاوہ ازیں مہمان ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ پر 2 وارم اپ مقابلے بھی کھیلے گی جو کہ 2 اور 3 فبروری کو ہوں گے ۔
ٹسٹ ٹیم میں موجود فاسٹ بولر ظہیرخان ‘ جیٹیشورپجارا ‘ مرلی وجئے اور اومیش یادو بعد میں ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا یہ باہمی سیریز کے لئے 9 واں دورہ ہے ۔ جبکہ 2008-09 کے بعد پہلا موقع ہے کہ دونوں ٹیمیں یہاں ایکشن میں نظر آئیں گی جہاں ہندوستان نے 1-0 کی کامیابی حاصل کی تھی ۔ دریں اثناء ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ نے 19 ؍ جنوری کو پہلے ونڈے سے شروع ہونے والی سیریز کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم اپنی وکٹوں ہمیشہ ایک خطرناک حریف ثابت ہوتی ہے اور ہم اس کے خلاف منعقد شدنی سیریز میں میزبان ٹیم کو آسان تصور نہیں کریں گے ۔
مقامی اخبار نیوزی لینڈ ہیرالڈ سے گفتگو کے دوران دھونی نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک شاندار ٹیم ہے جس میں چند بہترین بولر اور بیٹسمین شامل ہیں جبکہ اس کے حالیہ مظاہرے بھی کافی متاثر کن ہیں اور وہ اپنی وکٹوں پر ہمیشہ ہی ایک خطرناک ٹیم ثابت ہوتی ہے لیکن ہندوستانی ٹیم بھی سخت چیلنج کے لئے مکمل تیار ہے ۔ دھونی کا ماننا ہے کہ نوجوان ہندوستانی ٹیم کے لئے یہ دورہ 2015 میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کے تناظر میں ایک بہترین تیاری کا موقع ہے چونکہ آئی سی سی کا ونڈے ورلڈ کپ 2015 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والا ہے ۔