تجربہ کار کپتان، دباؤ میں کھیلنا جانتے ہیں : انضمام، شعیب اختر
نئی دہلی ۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کرکٹرس انضمام الحق اور شعیب اختر نے کہا ہیکہ پاکستان کی حیثیت سے مہندر سنگھ دھونی کی موجودگی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو ایک بہترین یونٹ بنائے گی۔ پاکستان کیلئے پانچ ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لے چکے انضمام الحق نیوز 24 چینل کے زیراہتمام کرکٹ کانکلیو کے دوران کہا کہ ’’مجھے یقین ہیکہ بحیثیت کپتان دھونی کی موجودگی ہندوستانی ٹیم کیلئے ایک اہم عنصر ہوگی۔ کسی بڑے مقابلے میں ایک تجربہ کار کپتان کی موجودگی ہمیشہ ہی ایک اضافی فائدہ ہوتی ہے۔ دھونی ایک ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے دباؤ کی حالت میں بھی ہندوستان کیلئے اچھا کھیلا ہے اور کئی مرتبہ اپنی ٹیم کو شکست کے دہانے سے پا کر واپس لاتے ہیں۔ ایک ایسا کپتان جو دباؤ کی صورتحال میں مقابلہ کرنے کا ہنر جانتا ہے اس معاملہ میں دھونی اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں‘‘۔ شعیب اختر نے بھی دھونی کی کپتانی کے انداز کی زبردست ستائش کی۔ شعیب نے کہا کہ ’’پورے احترام کے ساتھ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں نے کئی کپتانوں کو دیکھا ہے جو دباؤ کی صورت میں اپنی ٹیم کے یپچھے چھپ جاتے ہیں لیکن دھونی ایسے کپتان ہیں جو ایسی صورتحال میں خود آگے بڑھتے ہوئے ٹیم کو اپنے پیچھے چھپا لیتے ہیں۔ یہ واحد شخص ہے جو ڈرخوف نہیں جانتا ‘‘۔ انضمام نے ورلڈکپ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی کے 60 تا 70 فیصد امکانات کی پیش قیاسی کی لیکن شعیب اختر کا خیال تھا کہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کیلئے ورلڈ کپ جیتنے کے زیادہ مواقع ہیں۔ انضمام نے سہ فریقی سیریز اور ٹسٹ میچوں میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ کھیل کو زیادہ اہمیت دینے سے انکار کردیا جن میں ہندوستان کو شکست دہوگئی تھی۔ انضمام نے کہا کہ ’’مجھے ایک کہانی کہنے دیجئے۔ 1992ء میں ورلڈ کپ سے ایک ماہ قبل ہم بھی آسٹریلیا گئے تھے سب لوگ یہ نہیں جانتے کہ ہم بھی ورلڈ کپ سے قبل چھ ٹسٹ میچ کھیلے تھے اور تمام چھ میچوں میں شکست ہوگئی تھی لیکن ہم نے ورلڈ کپ جیت لیا تھا‘‘۔