ہندوستانی ٹیم کی سیکوریٹی میں اضافہ

نئی دہلی 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برسبین میں موجود ہندوستانی ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیاگیا ہے اور یہ اضافہ سڈنی میں یرغمال بحران کے بعد کیاگیا ہے ‘ جبکہ بی سی سی آئی موجودہ صورتحال کا کافی باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجے پٹیل نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کرکٹ آسٹریلیا کے اعلی عہدیداروں سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور موجودہ صورتحال میں ہمارے کھلاڑیوں کو دی جانے والی سیکوریٹی کے مطابق تفصیلات حاصل کر رہے ہیں ۔ دریں اثناء کھلاڑی برسبین میں موجود ہیں جہاں حالات معمول کے مطابق ہیں ۔ سنجے پٹیل نے مزید کہا کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے سیکوریٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑیوں کے لئے پولیس عہدیداروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے ۔ آسٹریلیا میں آج صورتحال اس وقت بحرانی کیفیت کی ہوگئی جب سڈنی میں ایک کیفے میں مسلح افراد نے مقامی لوگوں کو یرغمال کرلیا اور یہاں ایک کھڑکی میں جھنڈا لہرایا گیا جس میں عربی تحریر موجود ہے ۔ مارٹن پلیس کے لنڈٹ چوکلیٹ کیفے میں اسلامی عسکریت پسندوں نے مقامی افراد کو یرغمال بنایا ہے جس کے بعد صورتحال بگڑ گئی ۔ ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہو رہا ہے کہ کیفے میں کئی افراد موجود ہے جن کے ہاتھ کھڑکیوں کی طرف لگا دیئے ہیں ۔ ہندوستانی ٹیم فی الحال دورہ آسٹریلیا پر چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں شرکت کر رہی ہے اور چہارشنبہ کو برسبین میں دوسرا ٹسٹ شروع ہوگا ۔ پٹیل سے جب استفسار کیا گیا کہ اس واقع کے بعد 6 ؍ جنوری کو سڈنی میں منعقدشدنی ٹسٹ متاثر ہوگا تو انہوں نے کہاکہ ابھی ہم وہاں تک نہیں پہنچے ہیں ‘پہلے برسبین کا مقابلہ ہونا ہے ۔