ڈھاکہ۔21 (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے پیش قیاسی کردی کہ ہندوستانی ٹیم کو سیمی فائنل کھیلنے کا کوئی موقع نہیں ہے ۔سورو گنگولی نے بھی مان لیا کہ پاکستانی ٹیم زیادہ متوازن ہے۔ حاضر سروس کرکٹرس کے ٹاکرے سے پہلے سبکدوش کھلاڑیوں کا ایک تجزیاتی پروگرام ’’ٹاکرا‘‘ ہوا۔پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ٹوئنٹی20 ورلڈکپ کا سنسنی خیز میچ پر بھی تبصرہ ہوا لیکن اس ٹاکرے سے پہلے آج پاکستان اور ہندوستان کے 9سابق کپتانوں کا ٹاکرا ہوا۔ہند۔پاک میچ پر تیز دھار ٹاکرا ہوا۔ میدان میں گیند اور بیٹ کی لڑائی ہونے سے قبل اسٹوڈیو میں لفظوں کے چھکے اور چوکے چلے۔جیو نیوز اور ’’آج تک‘‘ ٹی وی کے اشتراک سے منعقدہ ’’پاک انڈیا ٹاکر ا‘‘ میں ہندوستانی سابق کپتان گنگو لی نے پاکستان کو پسندیدہ قرار دے دیا۔ہند۔پاک ٹاکرا پروگرام میں ہندوستانی سابق کپتان اجے جڈیجہ نے کہا ہیکہ اگر ہندوستانی ٹیم جیتنا چاہتی ہے تو اسے سعید اجمل اور محمد حفیظ جیسے بولروں کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا۔
پاکستانی سابق کپتان رمیز راجا نیکہا ہے کہ پاکستان کے گروپ میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز بھی ہیں صرف ایک میچ جیتنا کافی نہیں ہوگا۔ محمد یوسف کا ماننا ہے کہ ہندوستانی ٹیم ٹوئنٹی20 کرکٹ کی ٹیم ونڈے کے مقابلے میںزیادہ مضبوط ہے، دھونی اور یوراج کی شمولیت سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔ ہندوستان کے سابق ٹسٹ کرکٹر مدن لال کے بموجب ہندوستانی اوپنرس کا رول اہم ہوگا، پاور پلے میں بہتر اسکور بن گیا توکامیابی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔ پاکستانی سابقکپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ہند۔ پاک میچ سے دونوں ممالک کے تعلقات بھی بہتر ہونے چاہئیں، اگر کسی کی شکست اور کامیابی سے تعلقات خراب ہوں تو ایسے مقابلوں نہیں ہونے چاہئیں۔