دبئی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آج ٹسٹ درجہ بندی میں تیسرے مقام کا انعام 2 لاکھ 65 ہزار امریکی ڈالرس کا چیک حاصل کرلیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کو آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں پہلے مقام کا انعام 4 لاکھ 75 ہزار امریکی ڈالر حاصل ہوئے ہیں۔ آئی سی سی کی درجہ بندی کی قطعی تاریخ یکم ؍ اپریل تھی اور اس موقع پر ٹیموں کی درجہ بندی کے مطابق انہیں انعامات کی رقومات حاصل ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ نے جہاں پہلا مقام حاصل کیا وہیں آسٹریلیا نے دوسرے مقام کے ساتھ 3 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالرس انعامی رقم حاصل کرلی ہے
جبکہ چوتھے مقام پر موجود انگلینڈ کے حق میں ایک لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالرس حاصل ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ اگست 2012ء سے مسلسل نمبر ایک مقام پر فائز ہے اور وہ پہلے مقام پر انعام حاصل کرنے والی چوتھی ٹیم ہے کیونکہ اس سے قبل آسٹریلیا، ہندوستان اور انگلینڈ نے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکیٹیو ڈیو رچرڈسن نے کرکٹ ساوتھ افریقہ (سی ایس اے) کے ہم منصب ہارون لورگٹ کو ٹیم کے غیاب میں آئی سی سی کے پہلے انعام کی رقم کا چیک حوالہ کیا۔ اس موقع پر رچرڈسن نے جنوبی افریقہ کے کارنامہ کی ستائش کرنے کے علاوہ کہا کہ متواتر دوسری مرتبہ پہلے مقام پر رہتے ہوئے انعام حاصل کرنے پر وہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں۔