کولمبو ۔ یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے خلاف گال ٹسٹ میں بھاری فرق سے فتح کے باوجود ہندوستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ پریشانی کا شکار ہے۔ اسے اگلے میچ میں سب سے بڑا مسئلہ قطعی 11 کھلاڑیوں کی تشکیل کا درپیش ہے۔ کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ روی شاستری کیلئے کولمبو ٹسٹ کیلئے اوپنرس کی جوڑی کا انتخاب بڑا درد سر بنے گا۔ شکھر دھون اس دورے کا حصہ نہیں تھے لیکن ٹیم کے مستقل اوپنر مرلی وجے فٹنس مسائل کا شکار ہوئے جبکہ ان کے ساتھ افتتاحی بیٹسمین لوکیش راہول بخار کے سبب پہلا ٹسٹ نہ کھیل سکے، ایسے میں شکھر دھون اور ابھینائو مکنڈ کو موقع دیا جس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں عمدہ بیٹنگ سے اپنا انتخاب درست ثابت کردکھا۔ دھون نے پہلی اننگز میں 190 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پہلی اننگز میں ناکام مکنڈ نے دوسری اننگز میں متاثر کن81رنز بنائے۔ دونوں ہی موجودہ فارم کے بل پر مستقل موقع ملنے کے حقدار بن گئے ہیں لیکن مشکل یہ ہے کہ راہول فٹ اور کولمبو ٹسٹ کیلیے دستیاب ہیں۔ کوہلی اور شاستری دوسرے ٹسٹ میں کھلاڑیوں کے مقامات برقرار رکھتے ہیں یا اوپنر راہول کو ان کی جگہ واپس دیتے ہیں یہ فیصلہ اہم ہوگا۔