ہندوستانی ٹیم کو بی سی سی آئی کی مبارکباد

نئی دہلی۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج ہندوستان اے کو آسٹریلیا میں چار رخی سیریز کا خطاب اپنے نام کرنے پر مبارکباد دی۔ آسٹریلیا کے مقام ماکے میں کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 57 رنز سے شکست دیتے ہوئے چار رخی سیریز اپنے نام کرلی۔ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ہندوستانی اے ٹیم کو آسٹریلیا میں سیریز کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں اور خاص کر راہول ڈراویڈ کی کوچنگ اور کوششوں کی بھی ستائش کرتے ہیں جو کہ ہندوستان کی نوجوان ٹیم کو تیار کرنے میں کامیابی حاصل کررہے ہیں۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری اے شرکے نے اپنے بیان میں راہول ڈراویڈ اور ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

کوہلی دلیپ ٹرافی کے فائنل سے باہر
نئی دہلی ۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹسٹ کپتان ویرات کوہلی ہوم سیزن کی تیاری کیلئے گلابی گیند کے ساتھ دس ستمبر کو شروع ہونے والے دلیپ ٹرافی کے فائنل میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے ویست انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز کے بعد وطن واپسی پر کچھ دن آرام کرنے کی درخواست کی تھی۔ بورڈ بھی چاہتا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے قبل انہیں آرام دیا جائے۔ ا ن کے علاوہ بھوونیشو ر کمار ، محمد سمیع اور ایشانت شرما بھی دلیپ ٹرافی کا فائنل نہیں کھیلیں گے۔