ہندوستانی ٹیم کا معیار ہی مختلف : آسٹریلیائی اوپنر فنچ

نئی دہلی، 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے لئے تیسرے ون ڈے میں بہترین سنچری بنانے والے اوپنر آرون فنچ نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم ایک الگ ہی معیار کی ٹیم ہے جس کے خلاف صرف صدفیصد کارکردگی کے مظاہرہ سے ہی فتح حاصل کی جاسکتی ہے ۔فنچ نے آسٹریلیائی ٹیم میں واپسی کرتے ہوئے اندور میں تیسرے ونڈے میں 124 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور ٹیم کو 293 کے بڑے اسکور تک پہنچایا تھا ۔ حالانکہ ہندوستان نے اس ہدف کا آسانی سے تعاقب کرتے ہوئے میچ جیتا اور پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری بھی حاصل کرلی۔ویراٹ کوہلی کی میزبان ٹیم سے کافی متاثر نظر آنے والے فنچ نے کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا آپ کو اچھا کھیلنے کی ضرورت ہے لیکن ساتھ ہی کھیل کے تئیں آپ کا نظریہ بھی صحیح ہونا چاہیے اور جب آپ کے پاس میچ جیتنے کا موقع ہوتو اسے ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے ۔2015ء میں آسٹریلیا کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کھلاڑی رہے فنچ پنڈلی میں تکلیف کے سبب پہلے دونوں میچوں میں نہیں کھیل سکے تھے ۔ لیکن تیسرے میچ کی اننگز میں سنچری کے ساتھ واپسی تو کی لیکن ٹیم کے بولرس اس بڑے اسکور کا بھی دفاع نہیں کرسکے ۔ اندور میں ونڈے میں شکست ، آسٹریلیا کی غیر ملکی سرزمین پر گزشتہ 13 ون ڈے میں 11 ویں ناکامی بھی تھی۔فنچ نے تسلیم کیا کہ ہندوستان اور ان کی ٹیم دونوں ہی بالکل مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابتدائی میچوں میں اچھی حالت میں تھے لیکن جیسے ہی آپ نے تن آسانی دکھائی۔ہندوستان آپ کو 10 میں سے نو مرتبہ شکست دینے کا دم رکھتا ہے ۔ یہ ایسی ٹیم ہے جس کے خلاف 100 فیصد کارکردگی سے ہی جیتا جاسکتا ہے ۔ اگر آپ 90 فیصدی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو جیت حاصل نہیں کرسکتے ۔فنچ نے کہا ہماری اور ہندوستانی ٹیم میں فی الوقت کافی فرق ہے اور یہ بات میزبان ٹیم نے ثابت کردی ہے ۔