نئی دہلی ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کی مسلسل تین میچس میں کامیابی کے بعد فاسٹ بولر آر پی سنگھ کا ماننا ہے کہ ٹیم انڈیا نے صحیح وقت میں اپنا فارم حاصل کرلیا ہے اور اس سے دوسری ٹیموں کیلئے خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔پول بی میں ہندوستان ٹیبل ٹاپ ہے اور اس نے تینوں ہی میچس میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز میں ناقص مظاہرہ کے بعد اب ٹیم انڈیا پورے فارم میں نظر آ رہی ہے ۔ آر پی سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم یقینی طور پر ایسی ٹیم نظر آ رہی ہے جس کے خلاف کامیابی حاصل کرنے مشکل ہوگا اور انہیں یقین ہے کہ دوسری ٹیمیں نوجوان ہندوستانی کھلاڑیوں پر نظر رکھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی بولرس کی سوئنگ سے متاثر ہوئے ہیں اور خاص طور پر بولرس پچ سے بھی مدد حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے خلاف میچ میں خاص طور پر اومیش یادو نے بہترین بولنگ کی اور انہوں نے حالات کا فائدہ اٹھایا ۔ بھونیشور کمار پر دباؤ تھا اور انہوں نے بھی اپنی آوٹ سوئنگ بولنگ کے ذریعہ بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے اشون کی گیند بازی کی بھی ستائش کی ۔