ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل اعتبار کھو بیٹھی!

سڈنی۔ 27جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کی دفاعی مہم سے قبل اعتبار کھو بیٹھی ہے، سابق آسٹریلین کپتان ایان چیپل نے آئی سی سی ورلڈ کپ میں تیز وکٹوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہندوستانی بیٹسمین ویراٹ کوہلی کو نمبر تین پوزیشن پر کھلانے کا مشورہ دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہندوستان کا میگا ایونٹ کا دفاع کرنا کمزور لگ رہا ہے۔ اگر کامیابی کو یقینی بنانا ہے تو پھر بیٹسمین کو زیادہ رنز بنانے ہوں گے۔ دورۂ آسٹریلیا میں بولنگ انتہائی خراب رہی اور ناکامی کا ازالہ کرنے کے کوئی آثار بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ویراٹ کوہلی کو نمبر تین پوزیشن پر بحال رکھ کر اچھے آغاز سے ٹیم کو نئی زندگی مل سکتی ہے، وہ ماضی میں بعض مرتبہ ون ڈے میچوں میں اس نمبر پر کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ بیٹنگ کے دوران مشکلات سے دوچار شیکھر دھون کی جگہ اسٹوارٹ بنی سے روہیت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا جائے اس طرح بالنگ کا بھی اضافی موقع میسر آ جائے گا۔ انہوں نے ہندوستانی بالنگ پر بھی کڑی نکتہ چینی کی ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی بالنگ کی لائن اور لینتھ میں مستقل مزاجی کی کمی ہے۔ بولرس نے دورۂ آسٹریلیا میں اپنی غلطیوں سے سبق نہیں حاصل کیا۔