ہندوستانی ٹیم مچل جانسن سے نمٹنے کی اہل : ویراٹ کوہلی

آسٹریلیا میں سخت مقابلہ کیلئے ذہنی یکسوئی کی اہمیت : کارگذار ہندوستانی کپتان کا اظہار خیال
اڈیلیڈ 23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز سے قبل حوصلے کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کے کارگذار کپتان ویراٹ کوہلی نے آج کہا کہ ان کی ٹیم ذہنی طور پر پوری طرح تیار ہے اور وہ آسٹریلیا کے خطرناک سمجھے جانے والے بولر مچل جانسن کا سامنا کرنے کی اہلیت رکھتی ہے ۔ کوہلی نے کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا آنا اور یہاں کھیلنا یہاں کے حالات سے ہم آہنگ ہونے سے زیادہ سوچ کو مثبت بنانا اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پہونچنے کے بعد یہاں کی پچس کی رفتار اور اچھال سے خود کو ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے لیکن جب تک آپ ذہنی یکسوئی کے ساتھ نہ کھیلیں کسی طرح کی پریکٹس معنی نہیں رکھتی ۔ کوہلی نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم فاسٹ بولر مچل جانسن سے پیش آنے والے خطرہ سے نمٹنے پوری طرح سے تیار ہے اور اہلیت رکھتی ہے ۔ کوہلی نے کہا کہ جانسن بہترین بولنگ کر رہے ہیں۔ یہ سب جانتے ہیں ۔ یہ ان کی خوبی ہے لیکن ہم بھی ان کا ان تیز رفتار اور اچھال لیتی ہوئی پچس پر سامنا کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔

ان کے خیال میں ایسی کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم اچھا مقابلہ نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اہمیت ذہنی یکسوئی کی ہے ۔ اگر ہم اس مقابلہ کو سمجھنے کی کوشش کریں تو وہ سمجھتے ہیں کہ ہم اپنے منصوبوں پر اچھی طرح سے عمل کرسکتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں میں ایسا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ ذہنی موجودگی ضروری ہے ۔ کوہلی کو مہیندر سنگھ دھونی کے زخم کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی قیادت کرتے ہوئے اچھا محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی قیادت کرنا اچھی بات ہے اور وہ کپتان بننا پسند کرتے ہیں۔ وہ سارے کھیل میں آگے بڑھ کر اپنے خیالات پیش کرنا چاہتے ہیں۔ وہ نہیں سمجھتے کہ انہیں چیلنجس کا سامنا کرنے میں کسی طرح کی پریشانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ساری ٹیم ان کی حمایت کرے اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرے تو وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ایک اچھے کپتان ثابت ہونگے ۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ کے آغاز پر کوہلی ہندوستان کے 32 ویں کپتان بن جائیں گے ۔