ہندوستانی ویمنس ہاکی ٹیم کو امریکہ کے خلاف شکست

ہیسٹنگس (نیوزی لینڈ)12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمنس ہاکی ٹیم نے بعض اہم مواقع گنوا دیئے اور اسے امریکہ کے خلاف 2-4 سے شکست ہوئی ۔ ہاک بے کپ کے دوسرے میچ میں جو ہیسٹنگس اسپورٹس پارک میں کھیلا گیا‘ ہندوستان نے ابتداء ہی سے بعض اہم مواقع گنوائے۔ دونوں ٹیموں نے کافی محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور گیند کو اپنی گرفت میں رکھنے کیلئے جدوجہد کرتے رہے ۔ دونوں ٹیموں نے بھی ایک دوسرے کو گول بناتے ہوئے فائدہ اٹھانے کا موقع بھی فراہم کیا ۔ ابتدائی کوارٹر میں مقابلہ کافی سخت رہا اور ہندوستان نے پہلے گول بناتے ہوئے سبقت حاصل کی۔ انورادھا ٹھوکچام نے میچ کے 6 ویں منٹ میں گول بنایا اور ٹیم کو سبقت دلائی۔ اس کے بعد امریکہ کی ٹیم نے کھیل پر حاوی ہونے کی کوشش کی اور اس وقت ہندوستان نے کافی اچھی مدافعت کی۔

چنانچہ اسکور 1-0 کے ساتھ ہندوستان کے حق میں رہا ۔ جیسے ہی دوسرا ہاف شروع ہوا امریکی کھلاڑیوں نے اپنا لائحہ عمل تبدیل کردیا اور چوتھے منٹ میں ہی جل وٹمر نے گول لائن کے قریب پہنچ کر گیند کو ڈھکیل دیا اور 19 ویں منٹ میں اُن کی ایسی کوشش کامیاب رہی جس کے نتیجہ میں اسکور 1-1 سے مساوی ہوگیا ۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر دباو برقرار رکھنے کی مسلسل کوشش کرتی رہی لیکن دوسرا ہاف مکمل ہونے تک اسکور 1-1 میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ تیسرے کوارٹر میں سحت مقابلہ جاری رہا لیکن کئی گول بننے کے مواقع ملنے کے باوجود ٹیم نے اس کا بھر پور فائدہ نہیں اٹھایا ۔ اس مقابلے کے آخری چند منٹ کے دوران امریکی کھلاڑی کتھلین شارکے نے 42 ویں اور 43 ویں منٹ میں متواتر گول بناتے ہوئے ٹیم کو 3-1 سے سبقت دلائی۔

انورادھا نے 44 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا اور ہندوستان نے اس طرح دو گول بنائے ۔ گیم کے آخری کوارٹر میں ہندوستان اور امریکہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی مسلسل کوشش کرتی رہی لیکن 47 ویں منٹ میں امریکہ کو ہی کامیابی ملی اور جولیا رینپریشٹ نے شاندار گول بنایا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کو اس کے بعد کوئی موقع نہ مل سکا اور یہ میچ امریکہ نے 4-2 سے جیت لیا ۔ ہندوستان کا آئندہ مقابلہ منگل کو آسٹریلیا کے خلاف ہوگا ۔