کاکامیگا ہارا (جاپان ) /5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمنس ہاکی ٹیم آج ایشیاء کپ جیت کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی ہوگئی اور اس ٹیم کی کپتان رانی نے کہا کہ آئندہ سال کے عالمی مقابلہ میں میرٹ کی بنیاد پر ان کی ٹیم کی شمولیت کو اہمیت حاصل ہے ۔ ایشیاء کپ ہاکی فائنل میں ہندوستانی لڑکیوں نے چین کو شوٹ آؤٹ کے ذریعہ 5-4 سے شکست دی ۔ جس کے بعد رانی نے کہا کہ ’’ہمیں بے پناہ خوشی ہے کہ ہم نے ایشیاء کپ جیت لیا اور آئندہ سال کے ورلڈ کپ میں میرٹ کی بنیاد پر رسائی حاصل کرلی ‘‘ ۔ ہندوستانی ٹیم نے 13 سال سے جاری نحوست کو بالاآخر اس وقت ختم کردیا جب رانی نے فائنل گول بنایا اور گول کیپر سویتا نے حریفوں کی کوششوں کو ناکام کرتے ہوئے 5-4 سے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کامیابی نے 2018 ء کے کامن ویلتھ اور ایشیائی کھیلوں سے قبل ٹیم کے اعتماد کو ایک نیا حوصلہ بخشا ہے ۔