ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی پہلی فتح

ملبورن ۔ 29 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو آج 10 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے میزبان ملک کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ۔ 20 سیریز جیت لی ۔ آسٹریلیا ویمنس کرکٹ ٹیم ٹی ۔ 20 سیریز میں تین مرتبہ چمپیئن رہ چکی ہے۔ ہندوستانی ویمنس ٹیم نے آج کی کامیابی کے ساتھ تین میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا پر سبقت حاصل کرلی ۔ تیسرا اور فائنل میچ 31 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا ۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر اپنے حریفوں کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ بارش سے متاثرہ کھیل کو 20 اوورس کے بجائے 18 اورس کا کردیا گیا جس میں ہندوستانی ٹیم نے بہترین مظاہرہ کرتے  ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کو 125 رنز کے مجموعی اسکور سے آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا، جس کے جواب میں مہمانوں نے جارحانہ طیور اختیار کیا ۔ہندوستانی کپتان متھالی راج 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی ٹیم ابتداء سے آخر تک کھیل پر اپنی مضبوط گرفت رکھی ۔ آسٹریلیائی ٹیم کو محض پانچویں ہی اوور میں تین وکٹ کے نقصان سے 33 رنز کے مجموعی اسکور کے ساتھ لڑکھڑانے پر مجبور کردیا جبکہ ہندوستانی ٹیم نے 7.2 اوورس میں کسی نقصان کے بغیر 52 رنز بناچکی تھی ۔