’ہماری بیٹیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ، فائنل میں شکست کا بوجھ محسوس نہ کریں‘۔ من کی بات میں مودی کا خطاب
نئی دہلی۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ فائنل میں شکست کا بوجھ خود پر مسلط نہ کریں کیونکہ انہیں قوم کی مکمل تائید حاصل ہے۔ آئی سی سی کے باوقار مقابلوں میں ہندوستانی ویمنس ٹیم نے بہترین مظاہرہ کیا تھا لیکن فائنل میں اس ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں معمولی 9 رنز سے شکست ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری بیٹیاں اپنے بہترین کھیل سے 125 کروڑ ہندوستانیوں کا دل جیتی ہیں‘‘۔ورلڈ کپ میں غیرمتوقع طور پر بے پناہ شاندار مظاہرہ پر ہندوستانی ویمنس ٹیم کی ملک واپسی پر کئی مقامات پر تہنیت پیش کی گئی تھی اور وزیراعظم مودی نے بھی خاتون کرکٹرس کی ٹیم کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا تھا۔ مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ کے دوران کہا کہ ’’ان (ویمنس کرکٹ ٹیم) سے بات چیت کے دوران میں نے محسوس کیا تھا کہ ان خاتون کھلاڑیوں میں محض اس حقیقت پر شکست کا بوجھ پایا جاتا ہے کہ انہوں نے فائنل میں کامیابی حاصل نہیں کی تھی۔ اس بات کا کرب اور الجھن ان کے چہروں پر بھی عیاں تھی‘‘۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’’(اس ٹیم سے) میں نے کہا کہ دیکھئے یہ ذرائع ابلاغ کا دور ہے چنانچہ توقعات کو اس حد تک بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا کہ اگر جیت نہیں ہوگی تو اس سے مایوسی بلکہ ناراضگی پیدا ہوگئی‘‘۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان نے ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم کی فائنل میں شکست کے باوجود ہندوستان نے ان کی مذمت نہیں کی بلکہ ستائش کا انتخاب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ جب ہماری بیٹیاں ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکیں تو ملک کے 125 کروڑ عوام نے اس شکست کو اپنے کندھوں پر لے لیا اور اپنی بیٹیوں کے کندھوں پر پڑھنے والے بوجھ کو ہلکا کردیا‘‘۔