سیور۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتا ن متھالی راج نے شاندار نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ نیوزی لینڈکے خلاف وارم مقابلے میں اپنی ٹیم کو 17 رنز کی شکست سے محفوظ رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ آئی سی سی وویمن ٹوئنٹی 20 چمپیئن شپ کے پہلے وارم اپ مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا اور حریف ٹیم نے کے ٹی پارکنس کی جانب سے 36 گیندوں میں بنائے جانے والے 40 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں ہندوستانی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان کے بعد 121 رنز اسکور کر پائے۔ اوپنر متھالی راج نے 47 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز اسکور کئے۔ تاہم انہیں دوسرے سرے سے بہتر تعاون نہیں ملا۔
دھونی کو تمام ورلڈ کپ میں
قیادت کا اعزاز
ڈھاکہ ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرسنگھ دھونی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے تمام ایڈیشنس میں قیادت کرنے والے واحد کپتان بن گئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں رواں ایونٹ میں دھونی بطور کپتان شرکت کرنے والے پہلے ایسے کپتان ہیں جنہوں نے اب تک ہونے والے پانچوں ایونٹس میں اپنی ٹیم کی قیادت کی ہے۔ وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک 22 مقابلے کھیل چکے ہیں۔