متالی کی ٹیم، سیریز جیتنے کے باوجود کلین سوئپ کی کوشش میں ناکام
سڈنی۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم جو آسٹریلیا کے خلاف ٹی۔20 انٹرنیشنل کی سیریز پہلے ہی جیت چکی تھی۔ آج یہاں کھیلے گئے تیسرے اور آخر میچ میں 15 رن سے شکست کے بعد نتیجہ میں کلین سوئپ کرنے میں ناکام ہوگئی۔ ہندوستانی ویمنس کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو میچوں میں کامیابی کے ساتھ سیریز جیت چکی تھی۔ فائنل میں اپنی کامیابی کے لئے 137 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 13.3 اوورس میں 3 وکٹس سے 94 رن کا اطمینان بخش اسکور بناسکی لیکن اس کے بعد میڈل آرڈر کے بری طرح درہم برہم ہوجانے کے سبب یہ ٹیم 8 وکٹ کے نقصان سے 121 رن بناکر شکست سے دوچار ہوگئی۔ ہندوستانی ٹیم آخری 6.3 اوورس میں پانچ وکٹ کے نقصان سے 27 رن بناسکی۔ اس طرح آسٹریلیا کو لگاتار دو شکستوں کے بعد کم سے کم ایک دلاسہ دلانے والی فتح حاصل ہوگئی۔ ہندوستان کی اوپنر بیٹس اومن ویلاسوامی ونیتا نے 5 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکہ اور تین چوکوں کی مدد سے 28 رن بنائیں۔ ہرمن پریت کور 24 رن بناپائیں۔ مہمانوں نے اپنی کپتان متالی راج (12) اور ونیتا کی ساجھیداری کے ذریعہ 4.4 اوورس میں تیز رفتار 33 رن بناتے ہوئے اپنی اننگز کا طوفانی آغاز کیا تھا۔ ان دو کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے کے بعد بھی ہندوستانی لڑکیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 ویں اوور تک 3 وکٹ کے نقصان سے اپنی ٹیم کا اسکور 94 رن تک پہنچادیا تھا۔ لیکن بعد کے کھلاڑی بہتر کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔