ہندوستانی وومنس کرکٹ ٹیم کا بہترمظاہرہ

بنگلورو 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی وومنس کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ونڈے میچس کی سیریز میں پہلے میچ میں 17 رنوں سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.3 اوورس نے 142 رنز ہی بنائے ۔ متھالی راج کی قیادت والی ٹیم کے خواتین بلے باز کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرسکیں تاہم درمیان میں جھولن گوسوامی نے ٹیم کو سنبھالا ۔ انہوں نے 67 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 57 رنز بنائے تھے ۔ جھولن کی یہ اپنے ونڈے کیرئیر کی پہلی نصف سنچری تھی ۔ اس سے قبل وہ ٹسٹ کرکٹ میں دو مرتبہ نصف سنچری بناچکی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لیا تہوہو ‘ بائیں ہاتھ کی بولر مورنا نیلسن اور پہلا میچ کھیل رہی آف اسپنر لیگھ کسپرک نے تین تین وکٹس حاصل کئے تھے ۔ انہوں نے ہندوستانی بلے بازوں کو جمنے اور کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا تھا ۔ تاہم جواب میں نیوزی لینڈ کی بلے باز بھی جم کر مظاہرہ نہیں کرسکیں۔ نیوزی لینڈ کی ساری ٹیم 45.3 اوورس میں 125 رنز پر آوٹ ہوگئی ۔ ہندوستان کی جانب سے آف اسپنر سنیہا رانا نے بہترین بولنگ کرکے تین وکٹیں حاصل کیں۔