ہندوستانی نژاد نیوزی لینڈ کا شہری حسیب عدنان مائیکروسافٹ کی انٹرن شپ کیلئے منتخب

آکلینڈ ۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کیلئے ہندوستان سے نمائندہ خصوصی سید مجیب کے فرزند حسیب عدنان کو امریکہ کی باوقار سافٹ ویر کمپنی مائیکرو سافٹ کی انٹرن شپ کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے 1500امیدواروں کے ساتھ انٹرن شپ کیلئے مقابلہ میںشرکت کی تھی جس میں صرف 4 افراد کو منتخب کیا گیا ہے ۔ مائیکرو سافٹ نے اس خبر کو تاحال پوشیدہ رکھا تھا ۔ حسیب عدنان کل کی پرواز سے انٹرن شپ میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہوگئے ۔ نیوزی لینڈ کے ارکان پارلیمنٹ بشمول کنول جیت بخشی نے حسیب عدنان کو اُن کی شاندارکامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ 1500 امیدواروں میں سے صرف 4افراد کے انتخاب میں حسیب عدنان کی کامیابی نہ صرف اُن کی شخصی قابلیت اور اہلیت کا اعتراف ہے بلکہ یہ نیوزی لینڈ اور حسیب عدنان کے آبائی وطن ہندوستان کے شہر حیدرآباد کیلئے بھی ایک بڑا اعزاز ہے ۔ حسیب عدنان اپنے ہائی اسکول کے تعلیمی دور سے ہی ذہانت کے کئی مقابلوں میں شرکت کر کے ایوارڈس حاصل کرچکے ہیں ۔  انہوں نے اپنی انتخاب میں کامیابی کی خبر سے اپنے والد کو روانگی تک بھی بے خبر رکھا تھا ‘ جب کہ مقابلہ کی تیاری کیلئے رات دیر گئے تک گھر سے باہر رہنے پر ان کے والد اپنے بیٹے کے بارے میں تشویش کا شکار ہوگئے تھے جب کامیابی کی حسیب عدنان کو اطلاع اور تصاویر حاصل ہوئیں تو انہوں نے اپنے والد کو اس کی اطلاع دے کر حیرت ناک خوشی میں مبتلا کردیا ۔