ہندوستانی نژاد اسرائیلی امپائر گیند لگنے سے ہلاک

اشدود 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کھلاڑی فل ہیوز کے مرنے کے بعد اب اسرائیل کے شہر اشدود میں ایک کرکٹ میچ کے دوران گیند لگنے سے ایک امپائر ہلاک ہو گیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک فاسٹ بولر کو لگائے جانے والے تیز رفتار شاٹ پر گیند پہلے وکٹ سے ٹکرائی اور پھر امپائر کو جا لگی۔واضح رہے کہ سڈنی میں منعقدہ ایک فرسٹ کلاس میچ کے دوران ایک باؤنسر لگنے سے ہیوز کے سر پر چوٹ آئی تھی اور وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے تھے۔کرکٹ میں حفاظتی اقدام کے تحت بیٹسمین کے علاوہ ان کے بہت قریب فیلڈنگ کرنے والے بعض کرکٹر بھی ہیلمیٹ پہنتے ہیں تاہم امپائر ہیلمٹ نہیں پہنتے کیونکہ انھیں اس طرح کے خطرات کا سامنا کم ہی رہتا ہے۔اس سے قبل پانچ سال پہلے ویلز میں ایک فیلڈر کی جانب سے پھینکی جانے والی گیند سے ایک امپائر کی موت واقع ہو گئی تھی۔

ان دو اموات کے بعد کرکٹ کے شعبے میں حفاظتی اقدامات میں بہتری لائی جانے کی توقع ہے۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی کرکٹ اسوسی ایشن نے اس امپائر کا نام ہلیل آسکر بتایا ہے۔ان کی عمر 55 سال تھی اور وہ اسرائیل کی ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی موت کے بارے میں مختلف خبریں آ رہی ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ گیند ان کے چہرے پر لگی تھی جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ گیند سینے پر لگی تھی جس کی وجہ سے انھیں دل کا دورہ پڑا اور موت واقع ہوئی ہے۔ انھیں فوری طور پر شہر کے ہسپتال لے جایا گا لیکن ڈاکٹر انہیں ہوش میں لانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔واضح رہے کہ یہ میچ اسرائیل میں جاری لیگ کا آخری میچ تھا۔اسرائیل میں کرکٹ مقبول کھیل نہیں ہے لیکن وہاں غیر پیشہ ورانہ لیگ منعقد کی جاتی ہے جن میں ہندوستان، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔55سالہ آسکرکا تعلق ممبئی سے ہے اور ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی ‘ پولیس نے اس واقعہ میں کسی کی غلطی نہ ہونے کی بات کہی ہے ۔تاہم واقعہ کی تحقیقات ہنوز جاری ہے ۔