ہندوستانی مینس شوٹرس کو سلور ، سویمنگ میں سیجوال کو برونز میڈل

انچیون ( جنوبی کوریا ) ۔ 26 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام )مینس پسٹل ٹیم نے ایک سلور میڈل جیتا، جبکہ سندیپ سیجوال نے سویمنگ میں شاذ و نادر حاصل ہونے والا برونز لیالیکن ہندوستان 17 ویں ایشین گیمس میں آج یہاں 7 ویں روز کے مقابلوں میں 17 تمغوں کے ساتھ مجموعی درجہ بندی میں 16 ویں پوزیشن پر آگیا۔ پسٹل ٹیم جس کی قیادت لندن اولمپک گیمس کے سلور میڈلسٹ وجئے کمار نے کی اور جس میں پیمبا تمانگ اور گرپریت سنگھ شامل رہے ،

اُس نے 1740 کے جملہ اسکور پر دوسرا مقام حاصل کیا جو گولڈ میڈلسٹ چین سے 25 میٹر سنٹر فائر پسٹل کامپٹیشن میں دو مقام پیچھے ہے ۔ 25 سالہ سیجوال نے ہندوستانی تیراکی جتھے کو ضروری جلا بخشتے ہوئے 50 میٹر بریسٹ اسٹروک ایونٹ میں برونز میڈل حاصل کیا۔ اسکوائش کے شعبہ سے مزید خوشخبری آئی جبکہ مینس اور ویمنس دونوں ٹیموں کو اپنے متعلقہ مقابلوں کے فائنلس میں رسائی کے بعد کم از کم سلور میڈل ملنا یقینی ہوگیا ہے ۔ مجموعی اعتبار سے یہ ہندوستانی جتھہ کے لئے ایک اور ملے جلے نتائج والا دن ثابت ہوا جس میں اس کے اسٹار شٹلرس سائنا نہوال اور پروپلی کیشپ سنگلز کامپٹیشن سے خارج ہوگئے ، جن کے ساتھ تیراندازوں کا بھی یہی معاملہ ہوا جو انفرادی ریکرووایونٹ سے باہر ہوئے ۔ ویمنس ہاکی ٹیم نے خود کو تمغے کی دوڑ میں برقرار رکھتے ہوئے ملائیشیا کے مقابل 6-1 کی زبردست جیت درج کرائی ۔ مزید دو تمغوں کے اضافہ کے باوجود ہندوستان درجہ بندی میں قدرے گھٹ کر 16 ویں مقام پر آگیا جبکہ اُسے ابھی تک ایک گولڈ ، دو سلور اور 14 برونز میڈل حاصل ہوپائے ہیں۔ چین بدستور اول نمبر پر ہے جس کے 172 میڈلس (88-47-37) ، جس کے بعد جنوبی کوریا (31-37-35) اور جاپان (29-39-34) ہیں۔ دن کی شروعات اچھے انداز میں ہوئی

جب شوٹرس نے نقروی تمغہ جیتا ۔ درحقیقت اگر مینس کی تگڑی نے چینی حریفوں کی برابری کی ہوتی تو انھیں گولڈ حاصل ہوجاتا ۔ ہندوستانی ویمنس ٹیم جو لجا گوسوامی ، 44 سالہ انجلی بھاگوت اور تیجسونی مولے پر مشتمل رہی ، اُس نے 50 میٹر رائفل 3 پوزیشن ٹیم فائنل میں چھٹے مقام پر اختتام کیا۔ تاہم ہندوستانی اسکوائش کھلاڑیوں نے اپنا شاندار مظاہرہ جاری رکھا جہاں جوشنا چنپا ، دیپیکا پالیکل اور اناکا النکامنی کی ویمنس ٹیم نے اپنی جنوبی کوریائی حریفوں کو مات دی ، وہیں مہیش منگاؤکر ، سوربھ گوشال اور ہریندر پال سنگھ سندھو بھی کویت کے مقابل بہ آسانی جیت گئے ۔ ہندوستانی شائقین کو صدمہ بیڈمنٹن میں سائنا اور کیشپ دونوں کی ناکامی سے ہوا ۔ کیشپ عالمی نمبر 1 لی چونگ وی سے پری کوارٹر فائنلس میں ہارے جبکہ سائنا اپنی دیرینہ حریف چین کی یی ہانگوانگ کے مقابل کوارٹر فائنل میچ 21-18 ، 9-21، 7-21 سے ہارگئیں ۔ ہندوستانی گولفر اُودین مانے نے ہوا ئیں چلنے کے باوجود اپنے ٹھوس مظاہرے کو پیش کرتے ہوئے بہترین سکس انڈر 66 کا اسکور کیا جس نے انھیں تمغے کی دوڑ میں پہونچادیا ہے۔