ہندوستانی موسیقی کی عظیم شخصیات یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا صدرجمہوریہ ہند کے ہاتھوں اجراء

نئی دہلی۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے کل 8 یادگاری ڈاک ٹکٹوں کے ایک مجموعہ کی رسم اجراء انجام دی جس میں ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے مشہور موسیقاروں کے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی شامل ہیں۔ اس سلسلے میں راشٹرپتی بھون میں ایک تقریب منعقد کی گئی تھی ۔ ڈاک ٹکٹوں کا یہ مجموعہ محکمہ ڈاک نے ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی عظیم شخصیات پنڈت روی شنکر، پنڈت بھیم سین جوشی، ڈی کے پٹامل ، پنڈت ملک ارجن منصور ، گنگوبائی ہنگل، پنڈت کمار گندھرو، استاد ولایت خاں اور استاد علی اکبر خاں کے یادگاری ڈاک ٹکٹوں پر مشتمل ہیں۔ صدرجمہوریہ ہند کے پریس سیکریٹری وینو راجہ مونی نے خبر دی کہ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہم آج عظیم ترین موسیقی کے جادوگروں کو جن کا تعلق عصری ہندوستان سے ہے، خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ ان کی حیات اور کارنامے بے مثال روایت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام 8 موسیقی کے جادوگر بلاشک و شبہ عالمی موسیقی کی تاریخ کے عظیم قدآور ترین شخصیات تھیں۔ انہوں نے نہ صرف اپنے فن میں کمال حاصل کیا تھا بلکہ موسیقی کے مختلف مکاتیب فکر کے عروج میں اپنا حصہ ادا کیا تھا۔