ہندوستانی شٹلر کی کوریا اوپن سیمی فائنل میں رسائی

جاپانی ساساکی کے خلاف اجئے جئے رام کی سنسنی خیز میچ میں کامیابی
سیول ۔ 18 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی شٹلر اجئے جئے رام نے جاپان کے شوساساکی کے خلاف تین حیرت انگیز کامیابیوں کے ساتھ کوریا اوپن سوپر سیریز بیاڈمنٹن ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلیا ہے ۔عالمی نمبر 32 جیرام نے عالمی نمبر 26 کے جاپانی ساساکی کے خلاف 21-16، 16-21، 21-19 سے کامیابی حاصل کی ۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے مابین دلچسپ مقابلہ 65 منٹ تک جاری رہا جس میں ڈچ اوپن کے فاتح ہندوستانی کھلاڑی نے ابتداء سے سخت چوکسی و مستعدی کا مظاہرہ کیا ۔انھوں نے پہلے کھیل میں اپنے حریف کو 3-11 سے بچھاڑتے ہوئے آٹھ پوائنٹس حاصل کیا ۔ساساکی نے اپنا موقف مستحکم کرنے کی اگرچہ پھر ایک مرتبہ کوشش کی اور 19-17 تک سبقت بھی حاصل کی لیکن اجئے جیرام نے مزید چار پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے اختتامی کھیل پر اپنی کامیابی کی مہر ثبت کردی ۔ جئے رام کو دوسرے کھیل میں 6-1 کی سبقت حاصل ہوئی لیکن ساساکی نے لگاتار پانچ پوائنٹس کے حصول کے ساتھ 10-10 پر دوبارہ کھیل میں واپس آگئے جہاں سے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان انتہائی سخت مقابلے کا آغاز ہوا ۔ جاپانی کھلاڑی نے ایک مرحلہ پر 9-6 کی معمولی سبقت بھی حاصل کی لیکن جئے رام نے سخت جانفشانی کے ساتھ ساساکی پر 12-12 سے سبقت حاصل کرتے ہوئے کامیابی کی سمت پیشرفت کی ۔ جئے رام ، ماضی میں ملائیشیا ماسٹرس گرینڈ پری گولڈ ، سوئیس اوپن گرینڈ پری گولڈ کے سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کی تھی اور رواں سیزن کے دوران رشیئن اوپن گرینڈ پری میں بھی انھوں نے شاندار مظاہرہ کیا تھا ۔