کاکامیگاھارا،2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم اپنی ناقابل شکست سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے خواتین ایشیاء کپ میں قزاقستان کو 1۔7 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ کاکامیگاھارا کاواساکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس کوارٹر فائنل مقابلے میں ڈریگفلکر گرجیت کور نے ہیٹ ٹرک لگائی اور چوتھے ، 42 ویں اور 56 ویں منٹ میں گول کئے۔ نونیت کور نے 22 ویں اور 27 ویں جبکہ دیپ گریس ایکا نے دو پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے 16 ویں اور 41 ویں منٹ میں گول بنائے۔ میچ میں قزاقستان نے ویرا ڈوماشنیوا کے دوسرے منٹ میں ہی گول کی وجہ سے 0۔1 کی برتری حاصل کرلی تھی لیکن ہندوستان نے دو منٹ بعد چوتھے منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کرلیا اور گرجیت نے گول بناتے ہوئے مقابلے کو برابری پر لایا۔ ہندوستانی ٹیم کی کھلاڑیوں نے قزاقستان کے گول کیپر گزال بخاودین کو سخت محنت پر مجبور کردیا۔ ہندوستانی ٹیم نے حریف ٹیم کو اپنے دائرے میں داخل ہونے کا موقع نہیں دیا، لیکن اپنے لئے مسلسل مواقع ڈھونڈتی رہی۔ رانی کی زیرقیادت قومی ٹیم نے صحیح موقعوں پر پنالٹی کارنر حاصل کئے اور حریف ٹیم پر دباؤ بناتے ہوئے دیپ نے 16ویں منٹ میں پنالٹی کو گول میں بدل کر 1۔2 سے ٹیم کو برتری دلادی۔ اسکے بعد نونیت نے 22 ویں اور 27 ویں منٹ میں دو فیلڈ گول بنائے اور دوسرے ہی کوارٹر میں اسکور 1۔4 تک پہنچادیا ۔ دس منٹ کے نصف وقفہ کے بعد تیسرے کوارٹر میں قزاقستان کے گول کیپر نے بہتر دفاعی مظاہرہ کیا لیکن 41 ویں منٹ میں دیپ نے دوبارہ پنالٹی حاصل کرلی اور اس پر گول کیا۔ گرجیت نے بہترین ڈریگ فلک پر اپنا دوسرا گول ایک منٹ بعد ہی بنادیا ۔22 سالہ گرجیت نے 56 ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر پر گول بناکر اپنی ہیٹ ٹرک بھی پوری کرلی اس طرح ہندوستان نے 1۔7 سے یہ میچ جیت لیا۔