ممبئی۔29 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) سہ رخی ٹوئنٹی 20 سیریز میں فائنل سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہندستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے آج یہاں گھریلو میدان پر ٹورنمنٹ کے آخری میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو یکطرفہ انداز میں آٹھ وکٹ سے شکست دے کر حوصلہ افزا کامیابی اپنے نام کر لی۔میزبان ہندستانی ٹیم کی سہ رخی سیریز میں یہ پہلی کامیابی بھی ہے جبکہ وہ پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے ۔انگلینڈ اور آسٹریلیا خاتون ٹیموں کے درمیان 31 مارچ کو فائنل کھیلا جائے گا۔انگلینڈ ٹیم نے یہاں برابورن اسٹیڈیم میں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے ہندستانی ٹیم نے 18.5 اوور میں ہی 107 کے معمولی اسکور پر آل آؤٹ کر دیا۔انوجا پاٹل 21 رنز پر تین وکٹ لے کر سب سے کامیاب بولر رہیں جبکہ دپتی شرما، پونم یادو اور رادھا یادو کو فی کس دو وکٹ ملے ۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری میزبان ٹیم نے 15.4 اوور میں دو وکٹ پر 108 رن بنا کر آسان کامیابی اپنے نام کی جس میں سمرتی مدھانا نے 41 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ62 رنز بنائے جو ان کی پانچویں نصف سنچری ہے ۔کپتان ہرمن پریت کور نے ناٹ آؤٹ 20 رن بنائے ۔دونوں نے تیسری وکٹ کے لئے 60 رنز کی ناٹ آؤٹ ساجھے داری کرکے ٹیم کو کامیابی دلائی۔ہرمن پریت نے 31 گیندوں کی اننگز میں دو چوکے بھی لگائے ۔اوپنر متالی راج چھ رنز ہی بنا سکیں جنہیں ڈینیلا ہیزل نے سستے میں نمٹایا اور جمیما روڈرگیز نے سات رن بنائے اور وہ بھی ہیزل کا ہی شکار بنیں۔ہیزل کو 17 رن پر دو وکٹ ملے اور وکٹ لینے والی واحد بولر رہیں جبکہ انگلینڈ کی آٹھ بولر میدان پر بولنگ کے لیے اتری تھیں۔اس سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم نے اچھی شروعات کی اور اوپنر ڈینیلا واٹ نے 22 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رن بنائے ۔انہوں نے ایمی جونز (15) کے ساتھ 24 رن جوڑے لیکن پوجا وسترکر نے انہیں متھالی راج کے ہاتھوں کیچ کراکر پہلا وکٹ دلایا۔اس کے بعد واٹ 59 رن پر دپتی کی گیند پر آؤٹ ہوئیں اور پھر انگلینڈ نے مسلسل وکٹ گنوائے ۔ تیمی بیومونٹ (10)، نیٹلی شیور (15)، کپتان ھیتھر نائٹ (11)،فران ولسن (12) رن پر آؤٹ ہوئیں جبکہ لوور آرڈر کی چار بیٹس ویمنس دہرے ہندسے تک بھی نہیں جا سکیں۔انوجا نے تاش فرانٹ (02) کو ایل بی ڈبلیو کر انگلینڈ کا آخری وکٹ نکالا۔انوجا کو ان کی بہترین بولنگ کے لیے پلیئر آف دی میچ دیا گیا۔یادرہے کہ رواں سہ رخی ٹوئنٹی 20 سیریز کے اتبدائی مقابلوں میں متواتر3 ناکامیوں سے ہندوستانی ٹیم فائنل کی دوڑسے باہر ہوئی ہے۔