نئی دہلی ، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے بالی ووڈ فلم ’چَک دے‘ کی یاد تازہ کردی جب انھوں نے پولینڈ کو ایف آئی ایچ ورلڈ ہاکی لیگ راؤنڈ 2 کے فائنل میں کل یہاں میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں 3-1 سے شکست دے دی۔ تاہم دونوں ٹیموں کو ورلڈ ہاکی لیگ کے راؤنڈ 3 میں جگہ مل گئی، جو 2016ء ریوو اولمپکس کیلئے کوالفکیشن راؤنڈ بھی ہے۔ ہندوستان کو سارے مقابلے میں کنٹرول حاصل رہا اور چار کوارٹرس میں سے تین میں گول اسکور کئے۔ وندنا کٹاریا جو 11 گول کے ساتھ اس ٹورنمنٹ کی ٹاپ اسکورر ثابت ہوئیں، انھوں نے 15 ویں منٹ میں ہندوستان کو سبقت دلائی۔ پولینڈ کی اوریانا ولاسک نے دوسرے کوارٹر کی شروعات میں پنالٹی پر اسکور مساوی کردیا۔ دونوں ٹیمیں ہاف ٹائم پر 1-1 سے مساوی تھیں۔ اسٹیڈیم جو میچ کے فرسٹ ہاف میں عملاً خالی تھا، دوسرے نصف میں کئی پرچم دیکھنے میں آئے جن میں ہندوستانی اور پولش پرچم کی لگ بھگ یکساں تعداد نظر آئی۔ انڈین مینس ٹیم کیپٹن سردار سنگھ میزبانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ رانی رامپال نے 44 ویں منٹ میں حیران کن فیلڈ گول کے ذریعے ہندوستان کو دوبارہ سبقت دلائی۔ اس کے بعد ہندوستان نے اپنی گرفت کمزور نہیں ہونے دی اور آل راؤنڈ مظاہرہ پیش کیا۔ ہندوستانی دفاع عمدہ رہا اور انھوں نے اپنے جوابی حملے میں کچھ تساہل نہ ہونے دیا۔ ڈیفنڈرس دیپیکا ، نمیتا اور جسپریت نے نہ صرف پولینڈ کی طرف سے گول کی پانچ کوششیں ناکام بنائیں بلکہ ہندوستان کے قطعی دو گول میں وہ کارآمد بھی رہیں۔ ہندوستانی کپتان ریتو رانی نے 59 ویں منٹ میں ٹیم کی خطابی جیت کیلئے گیند کو نٹ میں پہنچاتے ہوئے اپنے 200 ویں انٹرنیشنل میچ کی خوشی منائی۔ ہندوستان نے ایونٹ میں 39 گول اسکور کئے اور صرف ایک گول اپنے خلاف بننے دیا۔