ہندوستانی خواتین نے بھی نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز جیت لی

ماؤنٹ مانگنوئی ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی مرد کرکٹ ٹیم کے بعد متھالی راج کی زیرقیادت ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے بھی میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں دوسرا ونڈے 8 وکٹوں سے اپنے نام کرتے ہوئے سیریز میں ناقابل تسخیر موقف حاصل کرلیا۔ کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 162 رنز کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم 2/15 رنز کے نازک صورتحال سے پریشان تھی۔ اس موقع پر سمرتی مندنا اور متھالی راج نے کوئی اور وکٹ گنوائے بغیر 166/2 کے ذریعہ سیریز میں کامیابی دلوانے والی فتح حاصل کرلی۔ مندنا نے 83 گیندوں میں 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رنز جبکہ متھالی نے 111 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل اننگز میں ناقابل تسخیر 63 رنز اسکور کئے۔ ہندوستانی ٹیم کو نشانہ کے تعاقب میں پہلا جھٹکا دوسرے ہی اوور کی دوسری گیند پر اس وقت لگا جب نوجوان اوپنر روڈریگس 8 گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئی جبکہ دپتی شرما بھی 11 گیندوں میں 8 رنز ہی بنا کر جس وقت آوٹ ہوئی اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 15 رنز ہی تھا لیکن مندانا اور میتھالی نے 88 گیندیں قبل ہی ٹیم کو یادگار کامیابی دلوائی۔ قبل ازیں حریف ٹیم کو 44.2 اوورس میں 161 پر آل آوٹ کرنے میں جھولن گوسوامی 23 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ بشت، شرما اور پونم یادو نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جس میں بشت کا مظاہرہ شاندار رہا جنہوں نے 8 اوورس میں 14 رنز ہی دیئے۔