اسکاٹ لینڈ کیخلاف 2-1 کی کامیابی
گلاسگو۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے یہاں 20 ویں کامن ویلتھ گیم میں میزبان اسکاٹ لینڈ کے خلاف اپنے آخری مقابلہ میں 2-1 کی کامیابی حاصل کی لیکن اس کی مہم کا ماحوس کن اختتام ہوا جیسا کہ اسے پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں انوپا برلا اور پونم رانی نے مقابلہ کے دوسرے مرحلہ کے آغاز پر تیزی کے ساتھ دو گول اسکور کئے۔ یہ متواتر دوسرا موقع ہیکہ ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیم میں میڈل حاصل کرے بغیر وطن لوٹ رہی ہے حالانکہ 2002ء میں جب مانچسٹر میں کامن ویلتھ گیم منعقد کئے گئے تھے وہاں ہندوستانی ٹیم نے چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے مقابلے کے ابتدائی مرحلہ میں دونوں ہی ٹیمیں گول بنانے میں ناکام رہی حالانکہ دونوں ہی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مواقع دستیاب ہوئے تھے۔ دوسرے نصف مرحلہ کے کھیل میں دونوں ٹیموں کی جانب سے تیزی دکھائی دی جیسا کہ 4 منٹ کے وقفہ کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے تین گول بنائے گئے۔ برلا نے ہندوستانی ٹیم کیلئے پہلا گول بنایا جس کے فوری بعد کوئی لمحہ ضائع کئے بناء اسکاٹ لینڈ کی کھلاڑی نے گول بناتے ہوئے مقابلہ کو مساوی موقف میں لا کھڑا کیا۔ بعدازاں رانی نے ٹیم کیلئے فیصلہ کن گول اسکور کیا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے رانی نے کہا کہ آخری مرتبہ کھیلے گئے مقابلہ میں اسکاٹ لینڈ نے ہمیں 4-3 سے شکست دی تھی لیکن اس کامیابی کے بعد ہم کسی قدر راحت محسوس کررہے ہیں۔