ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کو آج 36 سالہ انتظار ختم کرنے کا موقع

جکارتہ ۔30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) گرجیت کور نے آخری کوارٹر میں52 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ہندستانی خاتون ہاکی ٹیم کو 20 سال بعد ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں پہنچا دیا۔اور کل اسے فائنل میں گولڈ میڈل کا 36 سالہ انتظار ختم کرنے کا موقع ہے۔ ہندستان نے گرجیت کے صرف ایک گول کی بدولت سیمی فائنل میں چین کو 1۔0 سے شکست دیتے ہوئے فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا ہے۔ ہندستانی ہاکی ٹیم نے اس سے پہلے 1998 میں بینکاک میں ہوئے ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں مقام بنایا تھا۔ فائنل میں ہندستان کا سامنا جمعہ کوجاپان سے ہوگا ۔گرجیت کے گول سے پہلے ہندستانی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع گنوائے۔ ٹیم کو صرف سات پنالٹی کارنرملے جس میں سے وہ ایک ہی گول میں تبدیل کر پائی۔ اگر ہندستانی خواتین موقع میں سے آدھے گولڈ بھی بنا لیتی تو زیادہ فرق سے میچ اپنے نام کرتی۔ پورے میچ میں ہندستانی ٹیم ہی حاوی رہی لیکن اس کی فنشنگ کمزور ہونے کی وجہ سے کئی موقعوں پر چین کو حاوی ہونے کا موقع ملا۔ ہندستانی ڈفینس نے حالانکہ چین کے حملوں کا معقول جواب دیا۔ہندستانی خواتین نے شروعات اچھی کی تھی۔ ٹیم نے پہلے کوارٹر میں صبر سے کھیلا اور درست پاسنگ کے ذریعے چینی کھلاڑیوں کو گیند پر زیادہ پکڑ نہیں بنانے دی۔ آٹھویں منٹ میں ہندستان کو مسلسل دو پنالٹی کارنر ملے لیکن دونوں پرگول نہیں ہو سکا۔ ہندستانی خواتین مسلسل چین کے گھیرے میں جگہ بنا رہی تھیں۔ اسی کوشش میں 13 ویں منٹ میں ہندستان نے گول کرنے کا شاندار موقع بنایا لیکن فارورڈ لائن اس کوشش کو گول میں بدلنے میں ناکام رہی۔ہندوستان کو 51 ویں منٹ میں مسلسل تین پینالٹی کارنر ملے جس میں آخری کوشش میں 52 ویں منٹ میں گرجیت نے گول کر کے ہندستان کا کھاتہ کھولا اور فائنل میں جانے کا راستہ طے کیا۔