جدہ 22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) حج کمیٹی آف انڈیا اور سعودی عرب ائر لائینس کے مابین طئے پائے ایک معاہدہ کے تحت جاریہ سال ایک لاکھ سے زائد ہندوستانی عازمین حج کو پانچ لیٹر آب زمزم لانے کی اجازت رہیگی ۔ عرب نیوز نے آج مطلع کیا کہ حج کمیٹی اور سعودی عرب ائر لائینس کے مابین طئے پائے معاہدہ کے مطابق عازمین کو حج کی سعادت حاصل کرکے جدہ ائرپورٹ کے حج ٹرمنل سے واپسی کے بعد سعودی ائرلائینس کی جانب سے یہ پانی لایا جائیگا ۔ خصوصی طور پر پیک کردہ زمزم کے کین انہیں حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی زمزم پیکیجنگ فیکٹری کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے ۔ ہر حاجی کو فی کس پانچ لیٹر زمزم کنٹینر سعودی عرب سے واپسی کے بعد فراہم کیا جائیگا
جو مختلف مقامات پر پہلے سے رکھا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ حجاج کرام کی واپسی میں ہونے والی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ انتظام کیا گیا ہے کیونکہ حجاج کرام کے پاس سامان بھی بہت ہوتا ہے ۔ اس طریقہ کار سے ائر لائینس کو واپسی کے سفر میں لوڈ کوبہتر بنانے میں مدد ملیگی ۔ یہ انتظام گذشتہ سال بھی کیا گیا تھا لیکن اس وقت صرف سعودی ائر لائینس نے ایسا کیا تھا اور اس برس ائر انڈیا میں بھی اسی طریقہ کار پر عمل کئے جانے کی امید ہے ۔ اس سال ہندوستان سے 1,36,020 عازمین حج کیلئے آئیں گے ان میں 100,020 حج کمیٹی کے ذریعہ آئیں گے ۔ سعودی ائر لائینس کے ذریعہ 49,230 عازمین کے سفر کا اہتمام رہیگا جبکہ ائر انڈیا سے 50,790 عازمین 21 شہروں سے سفر کرینگے ۔ مابقی 36,000 عازمین خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ سفر کرینگے ۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ واپسی کی پروازوں میں سعودی ائرلائینز کی طرز پر انتظام کیلئے ائر انڈیا سے بھی بات چیت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کچھ مسائل ہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ ان کو حل کرلیا جائیگا ۔