ہندوستانی جونیر ہاکی ٹیم کا اعلان ، عمران خان نائب کپتان

نئی دہلی ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملیشیاء میں 12 تا 19 اکٹوبر منعقد شدنی چوتھے سلطان آف جوہر کپ کیلئے 18 رکنی ہندوستانی جونیر مرد زمرہ کی ٹیم کا اعلان کرلیا گیا ہے جس کی قیادت ہرجیت سنگھ کریں گے۔ دفاعی ہندوستانی ٹیم امید کررہی ہیکہ وہ اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کرے گی کیونکہ ٹیم میں عمران خان، گوریندر سنگھ اور جرمن پریت سنگھ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ہرجیت پہلے ہی سے ٹیم میں موجود ہیں اور ان 4 کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی سینئر ٹیم کی نمائندگی بھی کی ہے۔ معلنہ 18 رکنی ٹیم کے نائب کپتان کے عہدہ پر عمران خان کو نامزد کیا گیا ہے۔ سلطان آف جوہرکپ میں 6 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی جن میں دفاعی چمپیئن ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا ، برطانیہ ، پاکستان ، نیوزی لینڈ اور ملیشیا شامل ہیں۔ ہندوستان کا 12 اکٹوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی مقابلہ ہوگا۔