لکھنو۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا نے گزشتہ سال پریمئر بیڈمنٹن لیگ (پی بی ایل) کے کامیاب انعقاد کے بعد اب بیڈمنٹن کے قومی کھلاڑیوں کے لئے اس سال مزید ایک پرکشش قومی ٹورمنٹ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پی بی ایل کے موقع پر بیڈمنٹن کے عالمی کھلاڑیوں نے ہندوستان میں منعقدہ مختلف مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے شائقین میں زبردست جوش و خروش پیدا کیا تھا۔ چنانچہ اس سال ریو اولمپکس کے بعد ہندوستان کے چھ شہروں میں ہندوستانی اسٹارس اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کے صدر اکھلیش داس گپتا نے کہا کہ پی بی ایل کامیاب رہا لیکن ہم اس پر ہی اکتفا نہیں کریں گے۔ اگرچہ یہ ایونٹ عظیم ثابت ہوا لیکن ہم اپنے ہندوستانی کھلاڑیوں کو شائقین سے مربوط ہونے کے مزید مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ چنانچہ بیڈمنٹن اسوسی ایشن نے ریواولمپکس کے بعد ملک میں پی بی ایل خطوط پر نسبتاً چھوٹے پیمانے پر یہ ٹورنمنٹ منعقد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پی بی ایل کی طرح یہ نئی لیگ بھی چھ ٹیموں پر مشتمل ہوگی اور ہر ٹیم میں 10 ہندوستانی کھلاڑی شامل رہیں گے۔