ہندوستانی بولنگ شعبہ کسی بھی وکٹ پر بہتر مظاہرے کا اہل:بھونیشورکمار

نئی دہلی۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ میں شروع ہورہے کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر بھونیشور کمار نے کہا ہے کہ ہندوستان کی فاسٹ بولروں کی یونٹ کسی بھی پچ پر متاثرکن کاردکردگی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بھونیشور کمار کا انڈین پریمیئر لیگ کا 12 واں ایڈیش بھلے ہی زیادہ خاص نہ رہا ہو لیکن وہ انگلینڈ میں ورلڈ کپ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ یہ ان کا دوسرا ورلڈ کپ ہوگا۔ وہ 2015 کے ورلڈ کپ کی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ موجودہ ٹیم میں بھونیشور سمیت ورلڈ کپ میں پہلے حصہ لے چکے سات کھلاڑی شامل ہیں۔ بھونیشور 105 ونڈے میں 118 وکٹ لے چکے ہیں۔29 سالہ بولر نے گزشتہ چار برسوں کے دوران بولنگ میں تبدیلی پر انٹرویو میں کہاکہ گزشتہ ورلڈ کپ سے اب تک میں نے اپنی بولنگ میں تیز اور دھیمی گیند اور نکل گیند پر بہت کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ میں نے اپنی فٹنس پر بھی کافی توجہ دی ہے۔ ہندوستانی بولروں کے بہتر ہونے کے سوال پر کمار نے کہاکہ میں اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا کہ ہماری بولنگ بہترین ہے یا نہیں کیونکہ میدان پر ہماری کارکردگی ہی بتائے گی کہ ہم بہتر ہیں یا نہیں۔ ہماری گزشتہ کارکردگی اس بات کی گواہ ہے کہ ہم میں کتنی صلاحیت ہے۔ ہندوستانی بولروں نے خوب محنت کی ہے اور آج میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہم کسی بھی پچ پر موثرکارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔آئی پی ایل سے متعلق انہوں نے کہاکہ ا?ئی پی ایل کی وجہ سے ہمیں ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد ملی ہیں۔ جب آپ کے پاس وکٹ اور رنز ہوں تو اپنے آپ ہی خود اعتمادی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ میرے لئے بہترین فارم میں ہونا اور وکٹ لینا اہم تھا جو میں نے سن رائزرز حیدرآباد کے لئے کیا۔گیند کو ہوا میں لہرانے کے ماہر بھونیشور نے انگلینڈ کی پچوں کے لئے تیاریوں کے سلسلے میں کہاکہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ حالیہ برسوں میں انگلینڈ کی وکٹیں بیٹسمینوں کیلئے سازگار ہوئی ہیں لیکن ہندوستانی بولروں کی یونٹ میں مقابلے کے آغاز اور آخر میں بہتر بولنگ کرنے کی صلاحیت ہے۔ باقی کارکردگی ہمارے منصوبوں پر منحصر ہے۔ نکل گیند پر اپنی مہارت سے متعلق انہوں نے کہاکہ بیٹسمینوں کو پتہ ہوتا ہے کہ کونسا گیند باز نکل گیند رکھتا ہے یا نہیں تو وہ پہلے ہی تیار ہوتے ہیں۔ نکل گیند کا استعمال بولر پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح سے اس کا استعمال کرتا ہے۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے بارے میں بھونیشور نے کہاکہ انگلینڈ کی پچوں پر گیند سوئنگ ہوگی جو میری طاقت ہے۔