ملبورن۔27ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ میزبان ٹیم کی نچلی صف کے بیٹسمینوں کے خلاف ہندوستانی بولرس بے بس ہوگئے اور ان بیٹسمینوں نے میزبان ٹیم کے اسکور کو 530 رنز تک پہنچا دیا ۔ اپنے ٹسٹ کریئر میں سب سے بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 192رنز اسکور کرنے والے اسمتھ نے کہا کہ یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی کہ میرے لئے ہر حکمت عملی بہتر ثابت ہوئی اور نچلی صف کے بیٹسمینوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہم نے اسکور بورڈ پر 530 رنز کا اسکور لکھ دیا ہے ۔آسٹریلیائی ٹیم جس نے ملبورن ٹسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 259/5 سے کیا تھا لیکن اسمتھ نے براڈ ہاڈین (55) کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 110رنز ‘ ریان ہاریس(77)کے ساتھ 106 رنز اور 9ویں وکٹ کیلئے اسپنر نیتھن لین کے ساتھ 48رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ نچلی صف کے بیٹسمینوں کے مظاہروں پر کافی خوش دکھائی دیئے اسمتھ نے کہا کہ دیانتداری سے کہا جائے تو ان کھلاڑیوں نے انتہائی غیرمعمولی مظاہرہ کیا ہے ‘ ناقص فام کا شکار ہاڈین کی فام میں واپسی اور نصف سنچری پر اظہارخیال کرتے ہوئے اسمتھ نے کہا کہ ضرورت کے وقت ہاڈین نے ایک بہترین اننگز کھیلی اور خصوصاً جو شارٹ گیندوں سے بولرس انہیں پریشان کررہے تھے وہ ان گیندوں کو اس اننگز میں کافی بہتر انداز میں کھیلا ہے ۔