نئی دہلی۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں نو میڈلس حاصل کرنے والی ہندوستانی باکسنگ ٹیم کی کارکردگی سے مسرور باکسنگ فیڈریشن (بی ایف آئی ) کے سربراہ اجے سنگھ نے کہا ہے کہ پوری باکسنگ ٹیم اعلی سطحی ٹریننگ کے لئے رواں ماہ امریکہ جائے گی۔ہندستانی باکسنگ ٹیم نے آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں تین گولڈ میڈل سمیت مجموعی طور پر نومیڈل حاصل کئے اور کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ ہندستانی باکسروں نے اس سے قبل بیرونی سرزمیں پر اتنے میڈلس نہیں جیتے تھے ۔ ہندستان کے آٹھ مرد باکسروں نے میڈلس کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا ہے ۔اس شاندارکامیابی کے پیش نظر باکسنگ فیڈریشن اور باکسرس نے آئندہ مقابلوں کی تیاریاں شروع کردی ہیں ان کے سامنے ایشیائی کھیلوں کا چیلنج ہے جس کا انعقاد اسی برس اگست میں جکارتہ میں ہوگا۔