وانکھیری۔ 3؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ نیوزی لینڈ الیون کے خلاف یہاں منعقدہ دو روزہ ٹور مقابلہ میں شرکت کرنے والے سرفہرست پانچ بیٹسمین 6 فروری کو شروع ہونے والے ہند۔ نیوزی لینڈ پہلے ٹسٹ کے قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل رہیں گے، لیکن سرفہرست 5 بیٹسمینوں میں ابتدائی تین بیٹسمین ناکام رہے جب کہ دیگر دو بیٹسمینوں نے نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ حالانکہ ہندوستان کے سرفہرست پانچوں بیٹسمینوں نے بہتر شروعات کی تھی، تاہم پھر ایک مرتبہ اوپنرس ناکام رہے۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ الیون کے خلاف منعقدہ دو روزہ ٹور مقابلہ بغیر کسی نتیجہ کے اختتام پذیر رہا، جیسا کہ میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 262/9 پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب کہ ہندوستانی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز اسکور کئے ہیں۔ ہندوستان کے لئے مڈل آرڈر میں روہت شرما اور اجنکیا رہانے کی بیٹنگ سے رضاکارانہ دستبرداری سے قبل بنائی جانے والی نصف سنچریاں حوصلہ افزاء نتائج ہیں۔ روہت نے 101 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے جب کہ رہانے نے 97 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکہ کی مدد سے 60 رنز اسکور کئے۔ علاوہ ازیں امباٹی رائیڈو نے 93 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی ہے جب کہ روی چندرن اشون جنھوں نے قبل ازیں 14 اوورس میں 45 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا،
بیٹنگ میں 51 گیندوں میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز اسکور کئے۔ مہمان ٹیم کے لئے اوپنرس کا مسئلہ ہنوز برقرار ہے، کیونکہ مرلی وجئے اور شِکھر دھون پہلی وکٹ کے لئے 41 رنز اسکور کرنے کے علاوہ انفرادی طور پر کوئی بھی اوپنر بڑا اسکور بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ پہلے آؤٹ ہونے والے مرلی وجئے رہے جنھوں نے 56 گیندوں میں 19 رنز اسکور کئے جب کہ شِکھر دھون رن آؤٹ ہونے سے قبل 68 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ اس دو روزہ ٹور مقابلہ میں کپتان مہندر سنگھ دھونی اور نائب کپتان ویراٹ کوہلی کے علاوہ رویندرا جڈیجہ کو بھی آرام دیا گیا تھا جب کہ بولنگ شعبہ میں ظہیر خان کے علاوہ ایشور پانڈے کو پہلی مرتبہ اس دورۂ نیوزی لینڈ پر موقع دیا گیا جنھوں نے متاثرکن بولنگ کرتے ہوئے 14 اوورس میں 42 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایشانت شرما نے بھی 58 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ظہیر خان نے 18 اوورس میں 42 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔