نئی دہلی۔21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے ) نے ارجنٹائن کے بیونس آئرس میں تیسرے یوتھ اولمپک کھیلوں میں تمغے جیتنے والے یوتھ کھلاڑیوں کو اتوار کو یہاں ایک تقریب میں نقد انعامات سے نوازا۔مرکزی وزیر کھیل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور، آئی او اے کے صدر ڈاکٹر نریندر بترا اور سیکرٹری جنرل راجیو مہتا نے ان یوتھ کھلاڑیوں کو نقد انعام پیش کئے ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے تیر اندازی، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، مرد اور خاتون ہاکی، جوڈو، شوٹنگ، ویٹ لفٹنگ اور کشتی میں تمغے جیتے ۔یوتھ اولمپک گیمز میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک کی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین طلائی، نو چاندی اور ایک کانسی سمیت کل 13 تمغے جیتے ۔ اس کے علاوہ پہلی بار منعقد بین الاقوامی مکسڈ ایونٹ میں بھی ہندوستانی کھلاڑیوں کو ایک سونے اور دو چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیابی ملی۔طلائی تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو تین لاکھ، چاندی کا تمغہ کے لئے ڈیڑھ لاکھ اور کانسی کے لئے ایک لاکھ دیئے گئے ۔ ٹیم مقابلے میں سونے اور چاندی کے لئے بالترتیب دو لاکھ اور ایک لاکھ روپے تمام کھلاڑیوں میں بانٹے گئے ۔ بین الاقوامی مکسڈ ایونٹ میں طلائی کے لئے دو لاکھ اور چاندی کے لئے ایک لاکھ روپے دیئے گئے ۔یوتھ بیڈمنٹن اسٹار لکشے سین کو مکسڈ ٹیم مقابلے میں طلائی کے لئے دو لاکھ روپے اور ذاتی سلور کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے دیے گئے ۔ ان کھیلوں میں ہندوستانی ٹیم کی علمبردار رہیں شوٹر مانو بھاکر کو انفرادی طلائی کے لئے تین لاکھ اور مکسڈ ٹیم چاندی کے لئے ایک لاکھ روپے دیے گئے ۔ چاندی کا تمغہ جیتنے والی مرد اور خاتون ہاکی ٹیموں کے اراکین کو ایک ایک لاکھ روپے دیے گئے ۔کھیل وزیر راٹھور نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کے کھیل ترغیب پروگراموں کے چلتے ہندوستانی کھلاڑی تمام بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اس سال تو ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی واقعی شاندار رہی ہے چاہے پھر وہ دولت مشترکہ کھیل ہوں یا ایشیائی کھیل یا پھر پیرا ایشیائی کھیل ہوں یا پھر یوتھ اولمپک کھیل۔راٹھور نے ساتھ ہی کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کو ہر طرح سے ترغیبات دینا جاری رکھے گی جس سے وہ 2020 اور 2024 کے اولمپک اور 2022 میں ہونے والے دولت مشترکہ اور ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ڈاکٹر بترا نے کھلاڑیوں کی کامیابی کو بے مثال بتایا اور کہا کہ انہیں اب 2020 اور اس کے آگے کے اولمپک کھیلوں کی تیاری میں جٹ جانا چاہئے لیکن انہوں نے ساتھ ہی یوتھ کھلاڑیوں کو آگاہ کیا کہ کامیابی پر وہ بھٹکے نہیں بلکہ اپنا مکمل توجہ صرف کھیل پر توجہ رکھیں تو انہیں مستقبل میں کامیابی ضرور ملے گی۔وزیر کھیل نے بھی یوتھ کھلاڑیوں کو آگاہ کیا کہ آگے کا سفر مشکل ہے لیکن اگر انہوں نے کھیل پر توجہ دی تو اولمپکس میں تمغہ جیتنا ان کے لئے آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی جانب سے 2024 کے اولمپک کی تیاری ابھی سے شروع کر دی جائے گی اور اس ساتھ ساتھ 2022 میں ہونے والے دولت مشترکہ اور ایشیائی کھیلوں کے بھی تیاری کی جائے گی۔ہندستانی یوتھ ہاکی ٹیم کے کپتان وویک ساگر نے کھلاڑیوں کی جانب سے کہا کہ ان کھیلوں سے ملا تجربہ ان کے کام آئے گا اور مستقبل میں انہیں بہترین کھلاڑی بنانے میں مدد کرے گا۔