نئی دہلی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے ہندوستانی اتھلیٹس سے کل ملاقات کریں گے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی ان کھلاڑیوں اور اتھلیٹس سے غیررسمی طور پر ملاقات کے دوران 5 تا 21 اگست منعقد شدنی ریو اولمپکس میں ان کی خوش بختی کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’شری نریندر مودی، ہندوستانی اولمپک جتھہ میں شامل اتھیلیٹس سے پیر کو نئی دہلی کے مانک شاہ سنٹر میں ملاقات کریں گے۔ تاحال اسپورٹس کے 13 شعبوں کیلئے ہندوستان کے 100 اتھلیٹس کوالیفائی ہوچکے ہیں‘‘۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وزیراعظم ان اسپورٹسمین سے غیررسمی ملاقات کریں گے اور دنیا کے سب سے بڑے اسپورٹس مقابلوں میں ان کے بہتر مظاہرے کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کریں گے‘‘۔ اسپورٹس کے 13 شعبوں کیلئے کوالیفائی 100 اتھلیٹس کے ساتھ ہندوستان اپنا اب تک کا سب سے بڑا اولمپک جتھہ روانہ کررہا ہے۔ قبل ازیں لندن اولمپکس کیلئے ہندوستان کے 83 رکنی جتھہ نے حصہ لیا تھا۔ ریو کیلئے کوالیفائی متعدد اتھلیٹس مختلف بیرونی ممالک میں تربیت لے رہے ہیں چنانچہ یہ واضح نہیں ہوسکاک ہے کہ آیا کتنے اتھلیٹس کل وزیراعظم سے ملاقات کرپائیں گے۔ اس دوران انڈین اولمپک اسوسی ایشن نے کہا ہے کہ تقریب میں اس کے نائب صدر کو وزارت اسپورٹس کی طرف سے موعو نہیں کیا گیا ہے۔ انڈین اولمپک اسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’وزیراعظم نے اتھلیٹس کی ملاقات کا اہتمام وزارت اسپورٹس نے کیا ہے اور انہیں اس تقریب میں اسوسی ایشن کی خاطر خواہ نمائندگی کو یقینی بنانا چاہئے۔ صرف صدر، سیکریٹری جنرل، مشن کے سربراہ اور نائب سربراہ کو مدعو کیا گیا ہے۔ انہیں سینئر نائب صدر اور جوائنٹ سیکریٹری کو بھی مدعو کرنا چاہئے۔