ہندوستانی اسپنر کا بہتر مظاہرہ‘ بنگلہ دیش 111/3

فتح اللہ ۔13جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان رواں واحد ٹسٹ بارش سے مسلسل متاثر ہے اور چوتھے دن بھی دن کے مقررہ اوورس مکمل ناہوسکے حالانکہ ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور 462/6 پر ہی اپنی پہلی اننگز ختم کرنے کا فیصلہ کردیا اور بنگلہ دیش کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا تاہم وہ ہندوستانی اسپنر کی جوڑی روی چندر اشون کے ہمراہ ہربھجن سنگھ کا سامنا کرنے میں پریشان رہی اور چائے کے وقفہ تک اس نے 111رنز اسکور کرلئے تھے لیکن اسے تین وکٹوں کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ۔ بارش کی وجہ سے چائے کے وقفہ کے بعد کا کھیل مکمل نہیں ہوسکا اور چوتھے دن کھیل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ فتح اللہ میں جاری ٹسٹ کا کل آخری دن ہے اور مقابلہ بغیر نتیجہ کا ختم ہونے کے امکانات بڑھ چکے ہیں ۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے 30.1اوورس کی بیٹنگ کی جس میں اوپنر عمرالقیس نے ناقابل تسخیر 59رنز اسکور کئے جن کے ہمراہ شکیب الحسن بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں ۔

بنگلہ دیشی ٹیم ہندوستان کے مجموعی اسکور سے ہنوز 351رنز پیچھے ہے لیکن بارش کی وجہ سے اب تک مقابلہ میں تقریباً 200اوورس کا کھیل متاثر ہوا ہے اور نہیں لگتا کہ آخری دن بھی 90اوورس کا کھیل مکمل ہوپائے ۔ ویراٹ کوہلی نے بولنگ کے آغاز کیلئے ایشانت شرما اور روی چندرن اشون کی جوڑی آزمائی جس میں اشون نے 30رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اشون نے تمیم اقبال کو 19رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی لیکن تمیم اقبال آؤٹ ہونے سے قبل بنگلہ دیش کیلئے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن چکے ہیں ۔ انہوں نے سابق کھلاڑی حبیب البشر کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میںبنگلہ دیش کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے جیسا کہ سابق کھلاڑی نے 50ٹسٹ مقابلوں میں 3026رنز اسکور کئے تھے

جب کہ تمیم 40مقابلوں میں 3039رنز بناچکے ہیں ۔ تمیم اقبال بدقسمت کھلاڑی قرار دیئے جاسکتے ہیں کیونکہ اشون کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وہ اسٹمپ آؤٹ ہوئے حالانکہ ٹی وی ری پلے میں ان کا پیر کریز پر دکھایا گیا لیکن تھرڈ امپائر نے لال بتی جلاتے ہوئے انہیں پویلین جانے کا حکم دیا ۔ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی مومن الحق جو کہ ہندوستان کے خلاف ایک ریکارڈ اننگز کے خواہاں تھے تاہم وہ بہتر شروعات کے باوجود 30رنز پر آؤٹ ہوئے ۔ تاہم انہوں نے قیس کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 81رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ عمرالقیس کو 10رنز کے انفرادی اسکور پر اُس وقت ایک موقع ملا جب شکھر دھون نے ان کا اومیش یادو کی بولنگ پر کیچ چھوڑ دیا ۔ 13ویں اوور میں بارش کی وجہ سے مقابلہ کچھ دیر کیلئے روکا گیا

لیکن بائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں پر ہندوستانی بولروں کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا تھا اور حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹیم میں واپسی کرنے والے سینئر اور تجربہ کار بولر ہربھجن سنگھ کو بولنگ کیلئے طلب کیا جنہوں نے اپنے چھٹے اوور میں مومن الحق کو پویلین کی راہ دکھادی ۔ مومن نے ہربھجن سنگھ کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ایک بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند مڈآف پر موجود اومیش یادو کے ہاتھوں میں جاپہنچی ۔ دونوں سمت سے اسپن بولنگ کو طلب کرنے کا ہندوستان کو فائدہ ہوا جیسا کہ میزبان کپتان مشفق الرحیم صرف دو رن بناکر پویلیکن لوٹ گئے جیسا کہ انہوں نے اشون کی گیند کو قابو میں کرنے کیلئے آگے نکل کر کھیلنے کی کوشش اور لیگ سلپ پر کھڑے روہت شرما نے ان کا ایک آسان کیچ پکڑ لیا ۔ شکیب الحسن اور عمرالقیس جس وقت وکٹ پر پہنچے بارش نے پھر ایک مرتبہ کھیل کو روک دیا ۔