ملبورن۔ 23؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر براڈ ہاگ سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم کی صفوں میں باصلاحیت اسپنر کی کمی اسے آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز میں کافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ ہاگ نے کہا کہ ہندوستانی اسپن شعبہ میں ایک متاثرکن اور معیاری اسپنر نہ ہونے کی وجہ سے اسے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی گزشتہ چار اننگز میں کافی نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔ ہاگ کے بموجب آسٹریلیائی اسپنر نیتھن لیون نے 4 اننگز میں 17 وکٹیں حاصل کی ہیں جب کہ ہندوستانی اسپنرس صرف 6 وکٹیں حاصل کرپائے ہیں۔ ہاگ نے کہا کہ آسٹریلیا میں اسپن بولنگ ڈالنا آسان نہیں ہوگا۔ سینئر اسپنر نے کہا کہ حریف اسپنرس اپنے گھریلو میدانوں میں بہتر مظاہرہ کرتے ہیں، لیکن
جب یہاں پہنچتے ہیں تو ان کے مظاہرے مایوس کن ہوجاتے ہیں۔ براڈ ہاگ نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ان دنوں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجا پر انحصار کررہی ہے جن کے مظاہرے بیرون ملک انتہائی مایوس کن ہیں۔ علاوہ ازیں ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے مقابلہ میں کارگزار کپتان ویراٹ کوہلی نے اشون اور جڈیجا پر نومنتخب اسپنر کرن شرما کو سبقت دی تھی جنھوں نے متاثرکن مظاہرہ کیا، لیکن گزشتہ مقابلہ میں دھونی کی واپسی کے ساتھ انھوں نے اشون کو ٹیم میں شامل کرلیا۔ ہاگ نے یہ بھی کہا کہ جڈیجا زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوچکے ہیں اور ان کے مقام پر نوجوان اسپنر اکشر پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تو اب باکسنگ ڈے ٹسٹ (تیسرے ٹسٹ) میں اشون پر کسی اور اسپنر کو دھونی ترجیح دیتے ہیں؟ یہ فیصلہ کافی دِلچسپ ہوگا۔ کرن شرما نے اپنے پہلے مقابلہ میں متاثرکن مظاہرہ کیا ہے اور اکشر پٹیل بھی باصلاحیت اسپنر مانے جاتے ہیں۔