ہندوستانی اسپنرس کے خلاف جنوبی افریقہ تیار : ڈومنی

میرپور ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اسپنرس کے ٹورنمنٹ میں انتہائی شاندار مظاہروں سے بخوبی واقف جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں بہتر مظاہرہ کیلئے مقابلہ کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ جنوبی افریقی بیٹسمین جے پی ڈومنی نے اعتراف کیا ہیکہ ہندوستانی اسپنرس کے خلاف بہتر مظاہرہ ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ ہندوستانی اسپنرس نے ٹورنمنٹ میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچایا ہے۔

ڈومنی جنہوں نے سری لنکا کے خلاف 39 رنز اور نیوزی لینڈ کے خلاف 86 رنز اسکور کئے ہیں وہ امیت مشرا کے ہمراہ حیدرآباد کی آئی پی ایل ٹیم سن رائزس کیلئے کھیل چکے ہیں اور ان کا ماننا ہیکہ آئی پی ایل میں ہندوستانی اسپنرس کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ سود مند ہوگا۔ ڈومنی کے بموجب ان کے علاوہ ٹیم میں موجود اے بی ڈی ولیرس اور ڈیوڈ ملر کو بھی اسپنرس کے خلاف کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے اور آئی پی ایل کے تجربہ سے جنوبی افریقی ٹیم فائدہ اٹھانے کی خواہاں ہے۔