اشون اور جڈیجہ کا سیریز میں شاندار مظاہرہ ،ہند ۔جنوبی آفریقہ تیسرا ٹسٹ چہارشنبہ سے ناگپور میں کھیلا جائے گا
ناگپور۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور جنوبی آفریقہ کے مابین تیسرا ٹسٹ میچ 25 نومبر سے ناگپور میں شروع ہورہا ہے اور اس مرتبہ ساری توجہ ہندوستانی اسپنرس بالخصوص اشون اور جڈیجہ پر مرکوز ہوں گی۔ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ نے موہالی میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی آفریقہ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں 108 رنز سے کامیابی دلائی تھی۔ اس طرح ہندوستان کو جاریہ سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہوگئی جبکہ ایک دن کا کھیل باقی تھا۔ اس کے بعد بنگلور میں اشون اور جڈیجہ نے پھر ایک بار شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹس حاصل کئے اور دوسرے ٹسٹ کے پہلے ہی دن مہمان ٹیم کو 214 رنز پر محدود کردیا تھا لیکن بارش کے باعث یہ میچ نہ ہوسکا۔ ان دونوں ٹسٹ میچس میں ہندوستان نے شاندار مظاہرہ کیا اور اسپنرس کا اہم رول رہا۔ موہالی میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں اشون، جڈیجہ اور امیت مشرا پر مشتمل اسپنرس نے جنوبی آفریقہ کے 20 کے منجملہ 19 وکٹس حاصل کئے۔ دوسرے ٹسٹ میں بھی اسپنرس کا رول کافی اہم تھا۔ 25 نومبر سے شروع ہورہے تیسرے ٹسٹ میں توقع ہے کہ اسپنرس چھائے رہیں گے۔ ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ جہاں موافق اسپنرس پچس کو ترجیح دے رہا ہے، ایسے میں تیسرا ٹسٹ اشون اور جڈیجہ کیلئے خاص رہے گا۔ مشرا کو بھی ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے، جنہیں بنگلور میں موقع نہیں دیا گیا تھا۔ اشون نے جاری سیریز میں اب تک 12 وکٹس حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کریر کے 30 ٹسٹ میچس میں اب تک تین میان آف دی میچ ایوارڈس اور چار مرتبہ میان آف دی سیریز حاصل کیا ہے۔ دوسری طرف جڈیجہ کو ناقص مظاہرے کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا جارہا تھا لیکن اس بار انہوں نے اپنے مظاہرہ میں کافی بہتری لائی ہے۔