ہندوستانی اتھلیٹس نہ صرف میڈلس بلکہ عوام کے دل بھی جیتیں گے

کامیابی کو ہار جیت کی کسوٹی پر نہیں دیکھا جاسکتا ، ہندوستانی اتھلیٹس قومی پرچم سربلند کریں گے :مودی
نئی دہلی ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے /5 اگست سے شروع ہونے والے اولمپک کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے ریو ڈی جنیرو جانے والے ہندوستانی جتھہ کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی اتھلیٹس نہ صرف میڈلس جیتیں گے بلکہ اپنے بہتر طرز عمل کے ذریعہ وہاں سب کے دل بھی جیتیں گے ۔ وزیراعظم مودی نے آج یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں ’’ریو کیلئے دوڑ ‘‘ کا جھنڈی دکھاکر افتتاح کیا جس کا مقصد ہندوستان کے اب تک کے سب سے بڑے اولمپک جتھہ میں شامل اتھیلیٹس کو خراج تحسین ادا کرنا تھا ۔ ہزاروں اسکولی بچوں نے اپنے چہروں پر ریو جانے والے اتھلیٹس کے ماسک لگاکر اس دوڑ میں حصہ لیا ۔ اس دوڑ کا اختتام جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم پر ہوا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’ہمارے اتھلیٹس جہاں کہیں بھی جاتے ہیں ہندوستان نہ صرف کھیلوں کے میدان ہی نہیں بلکہ اتھلیٹس اپنے بہتر طور طریقوں میں بھی نظر آتا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے یہ کھلاڑی کھیلوں کے دوران اپنے حسن اخلاق اور طور طریقوں سے عوام کے دل بھی جیتیں گے ۔ وہ (اتھلیٹس) ساری دنیا میں عظیم ہندوستانی وراثت کا تعارف کروائیں گے ‘‘ ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’ہندوستانی جتھہ کے ارکان کو میں یہ بتادینا چاہتا ہوں کہ (ریو میں) ساری دنیا کے ہزاروں اتھلیٹس رہیں گے لیکن 125 ہندوستانی آپ کے ساتھ ہیں ۔ جب ہم اپنے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر یہاں اپنا قومی ترنگا لہرائیں گے ۔ مجھے یقین ہے کہ اس مدت کے دوران ریو میں بھی ہمارا قومی پرچم لہرایا جائے گا ‘‘ ۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ 2020 ء اولمپکس کیلئے سخت محنت و جانفشانی کا مظاہرہ کریں اور ٹوکیو کو 200 سے زائد ارکان کا جتھہ روانہ کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ وزیراعظم نے نصیحت کی کہ کامیابی کو ہارجیت کی کسوٹی پر نہیں دیکھا جانا چاہئیے ۔ مودی نے کہا کہ ’’ہمارے 119 کھلاڑیوں نے فی الواقعی کافی محنت کی ہے اور سخت جانفشانی کے ذریعہ مشقوں میں حصہ لیا ہے ۔ وہ قومی فخر و افتخار کیلئے اپنے ہنر کا مظاہرہ کریں گے ۔ مجھے یقین ہے کہ 125 کروڑ ہندوستانیوں کی دعاؤں کے ساتھ ہمارے 119 اتھلیٹس اپنے قومی پرچم کو سربلند رکھنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے ‘‘ ۔ مودی نے ریو اولمپکس کے اہتمام پر میزبان ملک کیلئے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وزیر اسپورٹس وجئے گوئیل نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد اسپورٹس کو ملک کے ہر گھر گاؤں تک پھیلانا ہے اور اسپورٹس کو ممکنہ ترقی دینا ہے نریندر مودی نے کہا کہ قبل ازیں اولمپکس بجٹ محض 15 تا 20 کروڑ روپئے رہا کرتا تھا ۔ لیکن اس مرتبہ اس کو 125 کروڑ روپئے تک بڑھا دیا گیا ہے ۔