ریاض۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سفیر متعینہ سعودی عرب احمد جاوید نے ہندوستانی برادری پر زور دیا کہ سعودی حکومت کی جانب سے عام معافی کا جو اعلان کیا گیا ہے، اس کے تعلق سے بیداری پیدا کی جائے۔ ’’سعودی گزٹ‘‘ میں شائع ایک رپورٹ میں یہ بات کہی گئی۔ ہندوستانی سفارت خانے میں اخباری نمائندوں سے خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ جدہ اور ریاض کے علاوہ مملکت میں مزید 21 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی برادری سے خواہش کی کہ اگر انہیں ایمرجنسی سرٹیفکیٹس کی ضرورت ہو تو وہ اپنے قریب ترین مرکز سے رجوع ہوں۔ انہوں نے اعداد و شمار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تین روز میں ہندوستانی سفارت خانے اور قونصل جنرل آف انڈیا، جدہ کو ایمرجنسی سرٹیفکیٹس کیلئے جملہ 3,655 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں تلنگانہ اور تملناڈو ریاستوں کا تناسب بالترتیب 11 اور 10% ہے جبکہ کیرالا 7%، آندھرا 5% اور بہار کا تناسب 4% ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت کے تمام اہم علاقوں میں مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ ہندوستانی برادری کی ہر ممکنہ مدد کی جاسکے اور وہ سفری اخراجات سے بچ سکیں۔ ایسے ہندوستانی جو ایمنسٹی کے ذریعہ اخراج کے بعد دوبارہ سعودی آنا چاہتے ہوں تو ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ ایمرجنسی کے آخری دن کافی بھیڑ بھاڑ دیکھی گئی جہاں وزیٹرس کیلئے پانی، چائے اور جوس کا انتظام کیا گیا تھا۔ مزید معلومات کیلئے ہندوستانی سفارت خانہ کے ٹول فری نمبر 8002471234 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔