بین الاقوامی عدالت سے رجوع ہونے اسلام آباد کا اشارہ
اسلام آباد ۔ 11 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے ایک سرکردہ عہدیدار نے پیر کو کہا کہ ہندوستان ، سندھ آبی تنازعہ کے تحت پاکستان کا دریائی پانی پاکستان میں بہاؤ کو نہیں روک سکتا اور دعویٰ کیا کہ نئی دہلی کی طرف سے اگر راوی، سقلچ اور بیاس ندیوں کا پانی روک دیا جاتا ہے تو اسلام آباد بھی اس جانبدارانہ و امتیازی سلوک کے سدباب کیلئے بین الاقوامی عدالت سے رجوع ہوگا ۔ سندھ آبی کمیشن کے ایک عہدیدار نے ہندوستان پر ’’آبی جارحیت ‘‘ میں مسلسل ملوث رہنے کا الزام بھی عائد کیا ۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ ’’ پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کیلئے اس کے حصہ کے پانی کا بہاؤ روک دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پاکستان نے یہ کہتے ہوئے ان کے ردعمل کا جواب دیا تھا کہ اس کے حصہ کا پانی روک دینے ہندوستان کے منصوبوں پر اس کوکوئی فکر و تشویش نہیں ہے ۔ ’’ جیونیوز ‘‘ نے ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ ’’ وزارت پانی و بجلی پاکستان کیلئے پانی کے بہاؤ کو روکنے ہندوستان کے اقدام کا جائزہ لے رہی ہے ۔ سندھ آبی سمجھوتہ کے تحت ہندوستان پاکستان کو پانی کا بہاؤ روک نہیں سکتا ۔ اگر ایسا کیا جاتا ہے تو وہ بین الاقوامی عدالت سے رجوع ہوگا ۔