میدنی نگر (جھارکھنڈ) ۔ 21 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جھارکھنڈ رگھو ور داس نے کہا کہ ہندو توا قوم پرستی کی علامت ہے اور آر ایس ایس اس کے حقیقی بھکت ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس نے کبھی قومی مفادات اور قومیت پر سمجھوتہ نہیں کیا کیونکہ اس کے پاس ہندو توا کے حقیقی بھکت ہیں جو قوم پرستی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے سماج کو ذات پات اور لالچ کی بنیاد پر سیاسی فائدہ کیلئے تقسیم کیا لیکن آر ایس ایس نے ہمیشہ ان خطوط سے بالاتر رہتے ہوئے قوم کی تعمیر کیلئے انتھک محنت کی۔ انہوں نے آر ایس ایس کو تہذیبی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت اس کی ممکنہ مدد کرے گی۔