کھڑ گاؤں۔ 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے آج ہندوؤں پر زور دیا کہ وہ ’’ملک کو طاقتور‘‘ بنانے کیلئے اپنے اختلافات فراموش کرتے ہوئے متحد ہوجائیں۔ دریائے نرمدا کے کنارے واقع تاریخی ٹاؤن مشہور میں ’’نرمدا ہندو سنگم‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے کہا کہ ’’بھارت اس وقت طاقتور ہوگا جب سارے ہندو قوم کی خاطر اپنے اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے ملک کے لئے متحد ہوجائیں‘‘۔ بھاگوت نے کہا کہ ’’ہندوستان ماضی میں دنیا کا گرو سمجھا جاتا تھا اور مستقبل میں بھی دنیا کا گرو مانا جائے گا۔ امریکہ کے پاس دولت ہے، چین ایک فوجی طاقت ہے لیکن ہندوستان ہی دنیا کا واحد ملک ہے جس کے پاس ہر چیز ہے‘‘۔ بھاگوت نے سماج کے ایک طبقہ کو مندروں میں داخل ہونے اور باؤلیوں سے پانی لینے سے روکنے جیسے بعض طریقوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’اگرچہ ہمارے دیوی دیوتائیں الگ ہیں لیکن ہم خدائے واحد پر یقین رکھتے ہیں اور دنیا کو ایک عالمی قریہ (واسودیو کٹمبکم) تصور کرتے ہیں اور اب ہمیں ملک کے لئے جینا ہوگا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک متنوع معاشرہ ہے جہاں کئی تہذیبیں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ رہن سہن کے طریقے جداگانہ ہیں لیکن ہندو ہمیشہ ہی سماج کی خدمت اور بھلائی کرتے رہے ہیں۔