کولمبو۔4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )چتیشور پجارا (133) اور اجنکیا رہانے (132) کی لاجواب سنچریوں کے بعد روی چندرن اشون (54)، ردھمان ساہا (67) اور رویندر جڈیجہ (ناٹ آؤٹ 70) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن نو وکٹ پر 622 رنز کا ہمالیائی اسکور بنا کر اپنی پہلی اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ سری لنکا نے اس کے جواب میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک دو وکٹ کے نقصان پر50 رنز بنا لئے ۔سری لنکا ہندستان کے اسکور سے 572 رنز پیچھے ہے ۔سری لنکا کی اننگز میں گرے دونوں وکٹس آف اسپنر روی چندرن اشون نے لئے ۔ اشون نے سری لنکا اننگز کا دوسرا اوور ڈالا اور محمد سمیع کے ساتھ بولنگ کا آغاز کیا۔اشون نے اپل ترنگا (0) کو دوسرے ہی اوور میں لوکیش راہول کے ہاتھوں کیچ کروایا اور پھر دوسرے اوپنر دمتھ کرونارتنے (25) کو اجنکیا رہانے کے ہاتھوں پولین کی راہ دکھائی۔اشون نے 38 رن پر دو وکٹ لئے ۔دن کے ختم پر کوشل مینڈس 16 اور کپتان دنیش چنڈیمل آٹھ رن بنا کر کریز پر تھے ۔ اس سے پہلے ہندستان نے اس طرح مسلسل دوسرے ٹسٹ میں 600 کا اسکور بنایا۔ہندستان نے گال ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 600 رنز بنائے تھے اور یہاں اس نے 622 کے ہندسہ پر اپنی اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ہندستان کا سری لنکا کی زمین پر یہ دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے ۔ ہندستان نے جولائی 2010 ء میں کولمبو میں ہی سری لنکا کے خلاف 707 رنز کا اسکور بنایا تھا۔دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندستان کے تقریبا تمام بیٹسمینوں نے رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے رن بٹورے ۔ٹیم کے 10 بیٹسمینوںکے ا سکور کو دیکھا جائے تو اس میں سب سے کم اسکور کپتان ویراٹ کوہلی کے 13رنز رہا۔کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین پجارا 133 اور رہانے 132 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
اشون نے 54، ساہا نے 67، ہردک پانڈیا نے 20، جڈیجہ نے ناٹ آؤٹ 70 اور محمد سمیع نے 19 رن بنائے ۔امیش یادو آٹھ رن پر ناٹ آؤٹ رہے ۔سری لنکا کیلئے سب سے زیادہ کامیاب بولر بائیں ہاتھ کے اسپنر رنگنا ہراتھ رہے جنہوں نے42 اوورس کی بولنگ میں154 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے ۔ملنڈا پشپ کمارا نے 38.2 اوور میں 156 رن پر دو وکٹ لئے ۔دلرووان پریرا کو 40 اوور میں 147 رن پر ایک وکٹ اور دمتھ کرونارتنے کو آٹھ اوور میں 31 رنز پر ایک وکٹ ملا۔ہندستان نے صبح کل کے تین وکٹ پر344 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔پجارا نے 128 اور رہانے نے 103 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہندستان نے لنچ تک اپنا اسکور پانچ وکٹ پر442 رنز اور چائے کے وقفہ تک اپنا اسکور سات وکٹ پر 553 رنز پہنچایا۔ہندستان نے چائے کے وقفہ کے بعد تیزی سے رن بنانے کے بعد 622 رنز کے اسکور پر اپنی اننگز کے خاتمہ کا اعلان کر دیا۔ہندستان کے مسٹر بھروسہ مند کھلاڑی پجارا اپنے کل کے اسکور میں پانچ ہی رن کا اضافہ کر پائے تھے کہ دمتھ کرونارتنے نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر سری لنکا کو دن کی پہلی کامیابی دلا دی۔ پجارا نے 232 گیندوں کی اننگز میں11 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 133 رن بنائے ۔ پجارا کے کیریئر کا یہ 50 واں ٹسٹ میچ ہے ۔مقابلے کے دوسرے دن ہی ہندوستانی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت نہ صرف مضبوط کرلی بلکہ سری لنکا پر شدید دباؤ بھی بنادیا ہے۔